کراچی(جنگ نیوز) فلسطین فائونڈیشن کے زیر اہتمام یکجہتی فلسطین پروگرام و احتجاجی مظاہر ے،فلسطین ہمیشہ سے فلسطینیوں کا وطن تھا اور فلسطینوں کا وطن ہی رہے گا،مقررین کا خطاب ،تفصیلات کے مطابق فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میںیوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے یکجہتی فلسطین پروگرام اور احتجاجی مظاہروں کی اپیل کی گئی جس کے نتیجہ میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب روڈ پر منعقد کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں شرکاء کی بڑ ی تعداد نے شرکت کی اور ہاتھوں میں فلسطیی پرچم سمیت پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین، لبنان، یمن، ایران اور دیگر مقامات پر جاری امریکی و اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کے نعرے درج تھے۔عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے عنوان سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں بشمول ڈاکٹر صابر ابو مریم،ڈاکٹر معراج الہدیٰ،علامہ باقر عباس زیدی،علامہ عقیل انجم ،محمد حسین محنتی اور دیگرنے شرکت کی ۔شرکائے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطین ہمیشہ سے فلسطینیوں کا وطن تھا اور فلسطینوں کا وطن ہی رہےگاجبکہ اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے۔