• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحت کا نظام نہیں بلکہ بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے، مصطفیٰ کمال

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں صحت کا نظام نہیں بلکہ بیماریوں کے علاج کا نظام چل رہا ہے، حقیقی ہیلتھ کیئر اسپتالوں کی تعمیر نہیں بلکہ لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کا نام ہے، اگر بیماریوں کی روک تھام پر توجہ نہ دی گئی تو کتنے ہی نئے اسپتال تعمیر کرلیے جائیں، مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ہفتے کو بقائی انسٹی ٹیوٹ آف ڈائیابیٹولوجی اینڈ اینڈوکرائنولوجی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ذیابیطس کے مریضوں کی رہنمائی کے لیے قومی ہیلپ لائن اور موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کیا، جبکہ ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ڈائیبیٹک فٹ گریجویٹ پروگرام بھی متعارف کرایا گیا۔ وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی 26 کروڑ تک پہنچ چکی ہے اور ہر سال تقریباً 70 لاکھ بچوں کی پیدائش ہورہی ہے، بڑھتی ہوئی آبادی اور بیماریوں کا بوجھ اسپتالوں کے نظام کو تباہی کے دہانے پر پہنچا سکتا ہے، صحت کا شعبہ محض انتظامی معاملہ نہیں بلکہ قومی سلامتی اور معیشت سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں ہر سال تقریباً 11 ہزار مائیں دوران حمل اور زچگی انتقال کرجاتی ہیں، جبکہ چار لاکھ بچے جاں بحق ہوتے ہیں اور 43فیصد بچے کم عمری میں نشوونما کی کمی کا شکار ہیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید