• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد: ایمبیسی روڈ پر مولانا فضل الرحمٰن کی رہائشگاہ سربمہر

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ،سٹاف رپورٹر) سی ڈی اے نے ایمبیسی روڈ اسلام آ باد پر جے یو آئی ف کے امیر مو لانا فضل الرحمن ٰ کی رہائش گاہ سر بمہر کردی ،مکان مالک امان اللہ کے غیر ملکی ثابت ہونے پر 1200مربع گز پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کر دیا، مولانا کے صاحبزادے اورہل خانہ نے مزاحمت بغیر آدھے گھنٹے میں گھر خا لی کردیا، ادھرجے یو آئی ( ف )سربراہ کے بیٹے اسجد محمود کوگرفتار ی کے بعد رہا کردیاگیا،واپس اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے، جے یو آئی ترجمان نے ردعمل میں کہاکہ خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنا حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ اسجد محمود نے کہا کہ میں واپس آگیا ہوں، کارکن پرامن رہیں ۔ہفتہ کو مولانا کے بیٹے کو گرفتار کر کے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کیاگیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی کے سینئر رہنما نے تھانہ سیکریٹریٹ میں پولیس افسروں سے مذاکرات کئے جس کے بعد اسجد محمود کی رہائی ممکن ہوئی۔ ادھر جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا گھیراؤ، خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنا حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ مولانا فضل الرحمان لاہور میں نظر بند ہیں، جبکہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کا پولیس کی جانب سے گھیراؤ اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ اسلم غوری نے کہا کہ جے یو آئی نے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے احترام میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں احتجاج موخر کیا، مگر حکومت نے اس تحمل کا جواب اشتعال انگیزی سے دیا۔
اہم خبریں سے مزید