• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم کا ریلی منسوخ کرنے کا اعلان، نئی تاریخ کا اعلان دسمبر میں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے اتوار 29نومبر کو کراچی میں ہونے والی ریلی منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ ایم کیو ایم دسمبر میں ریلی کی نئی تاریخ کا اعلان کرے گی، ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماؤں سید مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار نے حق پرست اراکین اسمبلی کے ہمراہ بہادر آباد مرکز پر پریس کانفرنس میں اتوار کو ریلی منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سندھ حکومت پر امتیازی سلوک، انتظامی یونٹس کے قیام میں رکاوٹ ڈالنے اور سندھودیش کی راہ ہموار کرنے کا الزام لگایا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا بنیادی مقصد یہ بتانا ہے کہ کمشنر کراچی نے حکومت سندھ کے حکم پر ایم کیو ایم پاکستان کو جمہوری حق سے محروم کیا اور ہمیں مجبور کیا گیا کہ 29 نومبر کی ریلی کو منسوخ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کا فیصلہ انتہائی امتیازی اور غیر منصفانہ ہے۔ خدشات تھے تو 29 نومبر کو تمام جماعتوں کی ریلیوں پر پابندی لگائی جاتی۔ حکومت سندھ نے اپنے فیصلے سے اپنا اصل ذہن ظاہر کر دیا۔ معاملہ صرف انتظامی یونٹس کے قیام میں رکاوٹ ڈالنے کا نہیں، انتظامی یونٹس کے قیام سے راہ فرار اختیار کی جا رہی ہے اور سندھودیش بنانے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں کے جمع ہونے پر بھی پابندی ہے، ان کی سیاسی اور عوامی سرگرمیاں بھی ممنوع ہیں اور ان کے جھنڈے کسی بھی ریلی میں استعمال کرنے پر بھی پابندی ہے۔ اس کے باوجود پیپلز پارٹی کے جاگیردارانہ طرز عمل نے اصل حقیقت واضح کر دی۔ قوم پرست جماعتوں کے ملک مخالف نعروں پر حکومت سندھ نے کبھی نوٹس نہیں لیا، 22 نومبر کو نکالی گئی ریلی میں بھی ملک مخالف نعروں کا نوٹس نہیں لیا گیا۔ صوبائی حکومت ملک دشمن عناصر کی کھلم کھلا سرپرستی کر رہی ہے۔ کراچی سے لاڑکانہ اور نوابشاہ تک سندھ کے تمام عوام کو حقوق ملنے چاہئیں۔ نوابشاہ اور لاڑکانہ کے عوام کو بھی انتظامی یونٹس دینے کی بات ہو رہی ہے۔ انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے عوامی رائے لینے کی تجویز دی ہے، آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت ریفرنڈم کرایا جائے، انتظامی یونٹس کے قیام کی بات پر سندھودیش بنانے کی دھمکی دی جا رہی ہے۔ 4 ستمبر 2026 کو سندھودیش کے قیام کے خلاف قرارداد جمع کرائی گئی، لیکن سندھودیش کے خلاف ایم کیو ایم کی قرارداد کیوں منظور نہیں کی گئی؟ان کا کہنا تھا کہ انتظامی یونٹس کا قیام سندھ کی جغرافیائی تقسیم نہیں بلکہ انتظامی بوجھ بانٹنے کا معاملہ ہے۔ صوبائی خودمختاری کے بیس سال بعد بھی پاکستان مضبوط نہیں ہو سکا۔ جئے سندھ متحدہ محاذ شفیع برفت گروپ کا پرچم ریلی میں لہرایا گیا، ریلی میں ملک مخالف پرچم کی موجودگی اور اجازت کا معاملہ بھی اہم ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں تحقیقات کریں گے، ریاست مخالف سرگرمیوں پر پہلے ہی کارروائی ہونی چاہیے تھی۔
اہم خبریں سے مزید