• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ کی داؤدی بوہرہ کاروباری برادری کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے داؤدی بوہرہ کاروباری برادری کو سندھ میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانےکی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت کاروباری سرگرمیوں سے متعلق جائز مسائل حل کرنے اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے میں مکمل تعاون کرے گی۔ ہفتے کے روز ان نادی البرہانی میں ’ نئے مواقع کی تلاش‘ کے عنوان سے منعقدہ داؤدی بوہرہ بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بوہرہ برادری طویل عرصے سے سندھ کی معاشی ترقی میں شراکت دار رہی ہے اور اس نے کراچی سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں تجارت، کاروبار، صنعت اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس برادری کی دیانت داری، محنت، کاروباری صلاحیت اور سماجی ذمہ داری کی روایات ان اقدار کی عکاسی کرتی ہیں جنہیں صوبائی حکومت سندھ میں فروغ دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف آپ کی سرمایہ کاری ہی سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتے بلکہ آپ کے تجربے، مہارت، بین الاقوامی روابط اور کاروباری جذبے سے بھی استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ سندھ کو اپنے کاروبار کی اگلی نسل کے قیام اور توسیع کے لئے ایک موزوں مقام سمجھے۔ انجمن نادی البرہانی پہنچنے پر وزیراعلیٰ سندھ کا وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو، سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے معاون خاص قاسم نوید قمر، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور داؤدی بوہرہ برادری کے رہنماؤں نے پرتپاک استقبال کیا۔ سندھ کی اسٹریٹجک معاشی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارا شہر کراچی پاکستان کا تجارتی اور مالیاتی مرکز ہے۔ یہاں دو بڑے بندرگاہیں، وسیع صنعتی علاقہ، صارفین کی بڑی مارکیٹ اور زرعی و معدنی وسائل کی فراوانی سرمایہ کاروں کے لئے بے پناہ مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے صنعت سازی، ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ، ادویہ سازی، انجینئرنگ، لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعمیراتی سامان اور قابلِ تجدید توانائی کو سرمایہ کاری کے اہم اور پرکشش شعبوں میں شمار کیا۔ سید مراد علی شاہ نے سندھ کے اسپیشل اکنامک زونز، جن میں دھابیجی، خیرپور اور بن قاسم شامل ہیں، میں دستیاب مواقع کو خصوصی طور پر اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی اسٹریٹجک محلِ وقوع اور پورٹ قاسم سے رابطے کے باعث دھابیجی ایک بڑے صنعتی اور معاشی مرکز کے طور پر ابھرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایسی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے جو کارخانوں کے قیام، پیداوار، برآمدات، روزگار کے مواقع اور پائیدار معاشی ترقی میں تبدیل ہو۔ سرمایہ کاروں کی ضروریات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لئے پالیسیوں کا تسلسل، کاروبار کرنے میں آسانی اور سرمایہ کاری کے تحفظ پر اعتماد انتہائی ضروری ہے۔ ان کے مطابق سندھ حکومت سرمایہ کاری میں سہولت کاری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ون ونڈو سہولتوں کے ذریعے کاروباری ماحول کو بہتر بنا رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید