• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لکھنے والوں میں طبقاتی تفریق پیدا ہوچکی ہے، حارث خلیق

فیصل آباد (شہباز احمد) بارہواں فیصل آباد لٹریری فیسٹیول دو روز جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہو گیا۔ دوسرے روز پہلے سیشن میں "اردو فکشن کا تہذیبی حافظہ" کے موضوع پر ڈاکٹر طاہرہ اقبال نے کہا کہ زبان صرف الفاظ نہیں، اس مٹی کی پہچان ہے جس سے اس کا خمیر اٹھتا ہے۔ محمد حمید شاہد نے کہا کہ تہذیب تاریخ سے اثر لے کر نئی معنویت پیدا کرتی ہے۔ ڈاکٹر ناصر عباس نے کہا کہ تہذیب محض ماضی کی یادگار نہیں، بلکہ اس میں کئی نسلوں کی تخلیقی صلاحیتیں، فکری روایات اور تجربات شامل ہیں۔ دوسرا سیشن "پنجاب، کالونی گیری تے ماں بولی" کے موضوع پر تھا جس میں زبیر احمد نے کہا کہ یہ غلط فہمی ہے کہ پنجابی کبھی دربار کی زبان نہیں رہی، یہ سوال نیشن اسٹیٹ بننے کے بعد پیدا ہوئے، اس سے پہلے پنجابی کھلی اور بھرپور زبان تھی۔ ڈاکٹر خولہ چیمہ نے کہا کہ مزدور کی زبان آج بھی پنجابی ہے، انگریز راج کا تعلیمی نظام علم پھیلانے کے لیے نہیں بلکہ بیوروکریسی بنانے کے لیے تھا۔ ڈاکٹر عاصم محمود نے کہا کہ پنجابی کی روایت زبانی رہی ہے، سینہ بہ سینہ چلی ہے، اور پنجابی لکھنے والوں کو ایم ایس ورڈ میں لکھنا چاہیے تاکہ او سی آر اسے پڑھ سکے۔ تیسرے سیشن میں حارث خلیق نے کہا کہ لکھنے والوں میں طبقاتی تفریق پیدا ہو چکی ہے، وہ یہ سوچ کر نہیں لکھتے کہ کس زبان میں لکھنا ہے۔ ان پر بھٹائی، بلھے شاہ اور میر کا بوجھ ہے، جبکہ انگریزی میں میدان خالی ہے اس لیے تجربے کی زیادہ آزادی ہے۔ ڈاکٹر اسامہ صدیق نے کہا کہ ایک موقف کے مطابق اپنی زبان میں لکھے بغیر ڈی کالونائز نہیں کیا جا سکتا، دوسرے کے مطابق وسیع طبقے تک پہنچنے کے لیے انگریزی ضروری ہے۔ ان کے لیے پنجابی، اردو اور انگریزی سب برابر ہیں اور پنجابی کا مستقبل تابناک ہے۔ ڈاکٹر شاہ زیب خان نے کہا کہ مقامی و غیر مقامی کی بحث کو اصل تناظر میں سمجھنا چاہیے، اسی لیے مغل مقامی اور انگریز کالونی گیر سمجھے جاتے ہیں۔ چوتھا سیشن: "وہ شب و روز و ماہ سال کہاں" کے عنوان سے تھا جس میں نورالہدی شاہ نے بتایا کہ وہ طالب علمی میں سندھی بولنے سے گریز کرتی تھیں، والد کے مشورے سے سندھی اخبار کی ہیڈ لائن پڑھنا شروع کی، پھر پہلی سندھی کہانی چھپی تو ہنگامہ ہو گیا کیونکہ وہ وڈیرے کے گھر میں قید عورتوں سے ملتی تھی۔ بھٹو صاحب نے ایڈیٹر کو بلایا، ایڈیٹر نے کہانی روکنے سے انکار کر دیا۔ کشور ناہید اور سلیمہ ہاشمی نے بھی اپنے فنی سفر کی یادیں سنائیں۔پانچویں سیشن میں خارجہ پالیسی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ 2003 سے 2008 کا دور پاک بھارت تعلقات کا بہترین دور تھا، تجارت بڑھی، ادیبوں کی آمدورفت بڑھی، کشمیر حل ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا۔ امن کے لیے اسٹیٹ مین شپ، سیاسی اونر شپ، میڈیا کا مثبت رویہ اور عالمی طاقتوں کا کردار اہم ہے۔ شمشاد احمد خان نے کہا کہ لیاقت علی کو امریکہ کو "ایبسولوٹلی ناٹ" کہنے پر قتل کیا گیا۔ مشرقی و مغربی پاکستان میں زمینی تعلق نہیں تھا۔ مشرف دور میں انہیں کشمیر پر زیادہ تقریریں نہ کرنے کو کہا گیا لیکن وہ سیکرٹری جنرل سے گھنٹہ گھنٹہ بات کرتے تھے۔ مسلم نیٹو سے مسلم ممالک اور فلسطین کو فائدہ ہو گا۔
اہم خبریں سے مزید