• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئینی اور قانونی معاملات پر بحث پارلیمنٹ میں ہونی چاہئے، شرجیل میمن، ایم کیو ایم ارکان کا احتجاج

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی،ایوان میں پوائنٹ آف آرڈر پر ایڈمن سوسائٹی عمارت حادثہ پر بحث، تعلیمی اداروں میں آئس کے نشے پانی کی کمی اورنئے صوبوں کے معاملے پر بھی ایوان میں گرما گرم بحث ، سندھ اسمبلی کا اجلاس ہفتہ کو اسپیکر سید اویس قادر شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام آئینی اور قانونی معاملات پر بحث کا اصل فورم پارلیمنٹ ہے وہیں ایسے معاملات پر بحث ہونی چاہئے ۔اگر کسی کے پاس کسی بھی ایشو پرنئی تجاویز ہیں تو انہیں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے، قانون ٹاک شوز اور سڑکوں پر تبدیل نہیں ہوتا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین اور قانون کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے اورپاکستان کو مضبوط اور متحد دیکھنا چاہتی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر بلاول بھٹو تک پی پی ہمیشہ آئین کی پاسداری کے موقف پر ڈٹی رہی ہے۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبوں کے ایشو کو آج پھر اٹھایا گیا۔ نجم مرزا نے کہا قرارداد کی کوئی حیثیت نہیں، یہ بات وہی کہہ سکتا ہے جو میرٹ پر نہ آیا ہو، یہ بات جعلی مینڈیٹ والا کہہ سکتا ہے، یہ لوگ بیک ڈور اور چور دروازے سے اقتدار میں آئے ہیں۔ان کی تقریر کے دوران ایم کیو ایم اراکین نے احتجاج کیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ آئین میں واضح طورپر لکھا ہے کہ صوبوں سے متعلق حتمی فیصلہ صوبائی اسمبلی کا ہوگا، جو فیصلہ اسمبلیاں کریں گی وہ ہمیں قبول ہوگا۔ سندھ اسمبلی دس مرتبہ فیصلہ کر چکی ہے کہ سندھ کی تقسیم نہیں ہوگی۔ بلاول بھٹو زرداری کہہ چکے ہیں فیصلے پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں، ٹاک شوز میں نہیں۔ پیپلز پارٹی وفاق کو مضبوط کرنے والی جماعت ہے۔ اصل تباہی ایم کیو ایم اور الطاف حسین نے کی۔بعد ازاں اسپیکر نے سندھ اسمبلی کا اجلاس یکم دسمبر دوپہر تین بجے تک ملتوی کر دیا۔شرجیل میمن نے کہا کہ اس وقت ملک کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے ۔پاکستان قومی اتحاد کے ذریعے عالمی اور اندرونی چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرسکتا ہے ۔پورے پاکستان سے لوگ علاج کے لئے سندھ کے اسپتالوں میں آتے ہیں،سکھر، خیرپور، گمبٹ اور کراچی میں علاج کی بہترین سہولتیں موجود ہیں۔ سندھ کے سرکاری اسپتال پورے پاکستان کے مریضوں کو علاج فراہم کررہے ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ تھرپارکر کے کوئلے سے ملک کو سستی بجلی فراہم ہورہی ہے،سندھ میں پیپلز ہاوسنگ منصوبہ دنیا کا سب سے بڑا رہائشی منصوبہ ہے۔ایوان کی کارروائی کے دوران گورکھ ہل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے خصوصی آڈٹ، عمارت گرنے کے واقعے، منشیات، پانی کی قلت اور نئے صوبوں کے معاملے پر بحث ہوئی۔اجلاس میں گورکھ ہل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ترقیاتی ریزورٹ کے اکاونٹس کے خصوصی آڈٹ سے متعلق تحریک التوا پیش کی گئی۔ آڈٹ رپورٹ صوبائی وزیر جام خان شورو نے پیش کی۔ ایوان نے رپورٹ پبلک اکاونٹس کمیٹی کے سپرد کرنے کی منظوری دے دی اور ایک سال میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔ جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایڈمن سوسائٹی عمارت حادثہ نہیں بلکہ اداروں کی جانب سے جرم ہے۔ کراچی میں عمارت گرنے سے اب تک 11 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ ملبے تلے اب بھی کئی افراد لاپتا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں عمارتیں گرنے سے 29 افراد جاں بحق ہوئے، سولجر بازار حادثے میں بھی 15 افراد جاں بحق ہوئے۔واقعے سے پہلے یو سی چیئرمین نے اپریل اور مئی میں تین خطوط لکھے مگر کوئی کارروائی نہیں ہوئی، حکومت کو حادثے کے بعد ہوش آتا ہے۔ میئر کراچی کا اسٹے آرڈر کے پیچھے چھپنا سمجھ سے بالاتر ہے اور ایس بی سی اے بھی اس معاملے میں ملوث ہے۔ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر افتخار عالم نے کہا کہ انکوائری کمیٹی میں 10 سے 12 افسران شامل کئے گئے، جن میں ایسے افسران کے نام بھی ہیں جو اس وقت تعینات نہیں تھے۔ اصل ذمہ دار افسران کو بچانے کی کوشش تو نہیں کی جا رہی؟ تعمیرات کے پورے عرصے میں تعینات افسران کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور متعلقہ عرصے کے دوران تعینات افسران کی ذمہ داری بھی طے کی جائے۔
اہم خبریں سے مزید