• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ ایڈمن سوسائٹی، ملبے سے مزید 5 لاشیں نکال لی گئیں، 4 کی تلاش جاری، جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلوچ کالونی کراچی ایڈمن سوسائٹی میں 4روز قبل رہائشی عمارت گرنے کے المناک واقعے کے بعد ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیاں ہفتے کو بھی جاری رہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق ہفتے کے روز ملبے سے مزید 5 لاشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہوگئی ہے، جبکہ اب تک 15 افراد کو زندہ ریسکیو کیا جاچکا ہے۔ واقعے کے بعد سے لاپتہ ہونے والے مزید 4 افراد کی تلاش کے لئے آپریشن جاری ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق ہفتے کی صبح عمارت کے ملبے سے مزید دو لاشیں نکالی گئیں، جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی تھی۔ دونوں لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی اور شناخت کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعدازاں شام کے وقت امدادی ٹیموں نے ملبے میں ایک اور شخص کی لاش کی نشاندہی کی، جسے نکالنے کے لئے کوششیں شروع کردی گئیں، جبکہ کچھ دیر بعد ایک اور لاش کی نشاندہی کی اطلاع سامنے آئی۔ اس طرح ہفتے کے روز مجموعی طور پر پانچ لاشیں نکالے جانے کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی۔کمشنر کراچی آفس کے مطابق عمارت کے ملبے میں دبے ممکنہ افراد کی تلاش کے لئے امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں۔
اہم خبریں سے مزید