• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کیلئے قوانین پر مؤثر عملدرآمد کی کوششیں درکار، آصفہ بھٹو

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں، معاشرے، والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے فعال کردار کو اجاگر کر نے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کم عمری کی شادیوں کے خاتمے کے لیے قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور شادیوں کی رجسٹریشن کے نظام کو مضبوط بنانے، عوامی آگاہی پیدا کرنے اور تعلیم و بنیادی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششیں درکار ہیں،بچوں بالخصوص لڑکیوں کے بچپن، تعلیم اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کم عمری، قبل از وقت اور جبری شادیوں کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ خاتون اول نے کم عمری اور جبری شادی کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع ہر بچے کے بچپن کے حق کو جبر، خوف اور اپنے مستقبل کی تشکیل کے مواقع سے محروم کرنے والے فیصلوں سے آزاد رکھنے کی ضرورت کا اعادہ کیا ۔ بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ سماجی تحفظ کے نظام کے کردار کو بھی تسلیم کرنا چاہیے جو خاندانوں کو ایسے فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے جن سے لڑکیوں کی تعلیم جاری رکھنے اور کم عمری کی شادی سے بچنے میں معاونت ملتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے تحت قائم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے خاندانوں کی معاونت کی کوششوں میں خواتین کو مرکزی حیثیت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید