• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے، شہباز شریف

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فلسطین کے عوام سے یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے ،فلسطین کے عوام سے یکجہتی کے عالمی دن پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کی آزادی، وقار اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فلسطین کے عوام کئی دہائیوں سے غیر قانونی قبضے، بے دخلی اور تشدد کے مسلسل ادوار کے سنگین نتائج بھگت رہے ہیں۔ غزہ میں انسانی مصائب کی شدت، شہری بنیادی ڈھانچے کی وسیع پیمانے پر تباہی، جبری بے دخلی اور مسلسل انسانی بحران عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری کی یاد دہانی کراتے ہیں۔ اور یہ احساس دلاتے ہیں کہ عالمی برادری بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور فلسطین کے عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ فلسطین پر پاکستان نے ہمیشہ اصولی اور غیر متزلزل مؤقف اختیار کیا ہے اور فلسطین کے مفاد فروغ کے لیے عالمی کاوشوں میں صفِ اول میں شامل رہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید