کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ بلوچستان کے صدر ملک عمران کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے بلوچستان کو چار صوبوں میں تقسیم کرکے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے جائیں ۔ بلوچستان حکومت امن وامان کے قیام اور ڈلیور کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ دنوں کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے جبکہ طبقاتی نظام مضبوط ہونے کے باعث عوام کی زندگی ابتر ہوتی جارہی ہے ۔ اقتدار پر قابض قوتیں اور بیوروکریسی نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی سے گریزاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ملک کے 44 فیصد حصے پر پھیلا ہوا بڑا صوبہ ہے ، کوئٹہ سے گوادر سمیت دیگر دور دراز علاقوں کو چلانا ممکن نہیں ۔ اس وقت صوبے کے تمام فیصلے چند سیکرٹریز کررہے ہیں حکومت کی کارکردگی صفر ہے ، صرف شاہراہوں پر بڑئے بڑئے پوسٹرز لگائے جارہے ہیں اور ترقی صرف ایئر پورٹ روڈ سے زرغون روڈ تک ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آٹے کی بوری 18 ہزار روپے سے زائد کی فروخت ہورہی ہے جبکہ بعض وزراء کے باہمی اختلافات کی سزا غریب نوجوانوں کو دی گئی یہ کہاں کا انصاف ہے ۔ بلوچستان میں صحت، تعلیم، سمیت دیگر شعبے زبوں حالی کا شکار ہوکر رہ گئے ہیں تمام ادارے مفلوج ہیں۔ وفاقی ملازمتوں میں بھی بندر بانٹ جاری ہے،کیسکو میں بھرتیوں میں جس طرح نوجوانو ں کی تذلیل کی گئی وہ کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔