کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہری میونسپل یوٹیلیٹی چارجز پابندی سے ادا کریں تاکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی شہر کی تعمیر و ترقی اور بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کر سکیں، آئندہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ہر قسم کے چالان پر ایم یو سی ٹی( MUCT ) کنزیومر نمبر درج کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی دستاویز کی تیاری سے قبل محکمہ ایم یو سی ٹی سے بقایہ جات کی ادائیگی کا سرٹیفکیٹ لینا ہوگا،یہ شہریوں کے مفاد میں ہے اور یوٹیلٹی چارجز سے ہونے والی آمدنی کا ایک ایک روپیہ شہر پر خرچ کیا جائے گا،وہ محکمہ جاتی سربراہوں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے، جس میں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، فنانس کمیٹی کے چیئرمین ندیم ہدایت ہاشمی، لینڈ کمیٹی کے چیئرمین ارشد حسن، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی، پارکس کمیٹی کے چیئرمین خرم فرحان، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل شہاب انور اور دیگر محکمہ جاتی سربراہ بھی موجود تھے،میئر نے کہا کہ جو افسران ریکوری اور ریونیو سے متعلق فائلوں میں تاخیر کریں گے ان کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، آئندہ چالان بکس صرف محکمہ فنانس سے جاری ہوں گی اور وہی چالان ادائیگی کے لئے شیڈول بینکوں میں قابل قبول ہوں گے،شہری کسی بھی قسم کی ادائیگی کرتے وقت یہ بات یقینی بنالیں کہ وہ چالان جو انہیں جاری کیا گیا وہ درست ہے اور محکمہ فنانس سے ہی جاری ہوا ہے،اگر کسی کو چالان پر شک ہو تو محکمہ فنانس کے آر اینڈ آر کے شعبے سے اس کی تصدیق کراسکتا ہے،بہت جلد سٹیزن ہیلپ لائن 1339 کو بھی میونسپل یوٹیلیٹی چارجز سے منسلک کردیا جائے گا اور شہری اپنی شکایات اپنے کنزیومر نمبر کے تحت ہی درج کراسکیں گے۔