• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہینڈ بیگ بنا  فیشن ادھورا : ہینڈ بیگ اور کلچز کے 5مقبول اسٹائل

رابعہ شیخ 

ہینڈ بیگ کا شمار فیشن کے لوازمات میں ہی نہیںبلکہ خواتین کی سہولت میں بھی کیا جاتا ہے۔ملبوسات کے ساتھ کی جانے والی میچنگ ہو یا پھر روایتی رنگوں کے دیدہ زیب ہینڈ بیگز۔ ہینڈ بیگ بغیر خواتین ،فیشن اور اسٹائل ادھورا سا محسوس ہوتا ہے یہ نہ صرف ضرورت کو پورا کرتے ہیں بلکہ شخصیت کو خوبصورت اور منفرد بنانے میںبھی اہم کردار ادا کرتے ہیںکپڑوں اور زیورات کے ساتھ اچھی ساخت اور ڈیزائن کے ہمراہ جدید تراش خراش لئے ہینڈ بیگز،کلچزاور پرس کے ذریعے خواتین کی شخصیت کا منفرد تاثر قائم ہوتا ہے۔

ہینڈ بیگ ہوں یا پرس اپنی بناوٹ اور نت نئے ٹرینڈ کے سبب سارا سال مقبول رہتے ہیں۔ فیشن ٹرینڈز کے تیزی سے بدلنے کے سبب ہینڈ بیگ سستے اور مہنگے دونوں قسم کے داموں میں دستیاب ہوتے ہیں ۔خواتین نہ صرف مہنگے بلکہ سستے داموں میں بھی خوبصورت اور اچھے میٹریل کے ہینڈ بیگز موسم اور ٹرینڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے با ٓسانی خرید سکتی ہیں۔

ہینڈ بیگ بنا  فیشن ادھورا :خواتین میں مقبول ہینڈ بیگ اور کلچز کے 5مقبول اسٹائل

خواتین کی خواہش ہوتی ہے کہ ملبوسات سے لےکرہینڈ بیگز بھی فیشن کے عین مطابق ہوں یہی وجہ ہے کہ آج کل خواتین روایتی رنگوں کے برعکس مختلف اور جدید قسم کے ہینڈ بیگز کو خریدنے میں زیادہ دل چسپی لیتی ہیں فیشن میں جہاں ایک جانب چین کے ساتھ چھوٹے ہینڈ بیگز اور کلچ ان ہیں وہیں باکس بیگز سمیت ہینڈ بیگز پر کیے جانے والے مختلف ڈیزائینز، کٹز بھی رنگ برنگی ورائٹی کے ساتھ خاصے پسند کئے جارہے ہیں

ایسے میں آج کل ہینڈ بیگز کے کیا ٹرینڈز دیکھنے کو مل رہے ہیں یہ جاننے کے لئے آئیے آج بات کرتے ہیں مختلف ٹرینڈی ہینڈ بیگز اور کلچز پر!

۱ہوبو اسٹائل (Hobo)

اگر دوران شاپنگ آپ کی نظر دو ہینڈل کے بجائے ایک ہینڈل والے چمڑے اور فلورل پرنٹ والے ہینڈ بیگ اسٹائل پر پڑے تو سمجھ جائیے کہ یہ ہوبوہینڈ بیگ اسٹائل ہے ۔ہینڈ بیگ کا یہ اسٹائل سب سے مقبول اور ٹرینڈی مانا جاتا ہے جو کہ عام طور پر سائز میں بڑا ہوتا ہےیہ گاڑی کی چابیاں ،پانی کی بوتل ،جیکٹ اور دوپٹہ وغیرہ رکھنے کے لئے زیادہ مناسب اسٹائل تصور کیا جاتا ہے۔ہوبو ہینڈ بیگ اسٹائل گرمیوں ، ڈنر یا شاپنگ جیسے مواقع کے لئے بہترینانتخاب ہے یہ بیگ سادہ چمڑے اور پرنٹڈ دونوں قسم کی ورائٹی میں با ٓسانی دستیاب ہوتے ہیں ۔

۲۔سیچل اسٹائل (Satchel)

سیچل ہینڈ بیگ اسٹائل ورکنگ ویمن کے لئے بہترین ہےکیونکہ ورکنگ ویمن کی ترجیح ہوتی ہے کہ پرس خوب صورت ہونے کے ساتھ ساتھ پائیدار بھی ہو ساتھ ہی اس میں اس قدر گنجائش ہو کہ روز مّرہ استعمال کی چیزیں رکھ سکیں۔ اس اسٹائل کے ہینڈ بیگ لیدر کے علاوہ بھاری ساخت سے بھی تیار کئے جاتے ہیں ٹرپل ہینڈل کے علاہ یہ اسٹائل کراس باڈی ہینڈل کے طور پر بھی تیار کیا جاتا ہے جس کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے پرس کے سائڈوں پر چین کی لمبی زپ لگادی جاتی ہے ۔یہ بیگ کوٹ ،کلاسک طرز کے سویٹر وغیرہ کے ساتھ آپ کی شخصیت میں مزید نکھار پیدا کردیتا ہے ۔

۳۔بیگیٹ (Baguette)

بیگیٹ پرس گول شیپ میں ڈیزائن کیا گیا ایک خوبصورت اور منفرد اسٹائل ہے جسے چھوٹا ہونے کی وجہ سے پکڑنا یا ٹانکنا بھی آسان ہوتا ہے۔بیگیٹ اسٹائل میں مرکز میں لگا ایک مختصر پٹا اسے کلچ یا پاؤچ کے ساتھ ساتھ شولڈر بیگ میں تبدیل کردیتا ہے ۔بیگیٹ پرس کم لوازمات رکھنے کے لئے بہترین اور آسان سا اسٹائل ہے جسے لنچ ڈنر یا پارٹی میں جانے کےلئے خواتین زیادہ استعمال کرتی ہیں۔

۴۔کلچ !(Clutch)

فیشن میں لمبی چین والے چھوٹے ہینڈ بیگز اور کلچ بھی بے حد ان ہیں بڑے ہینڈ بیگ کے ساتھ لانگ چین ہینڈ کلچز کو بھی فیشن میں خوب سراہا جارہا ہے جس میں سب سے زیادہ اوول شیپ نمایاں ہے۔

ہینڈ بیگ بنا  فیشن ادھورا :خواتین میں مقبول ہینڈ بیگ اور کلچز کے 5مقبول اسٹائل

کلچز شادی بیاہ ،مہندی مایوں اور عام تقریبات کے لئے بہترین اور موزوں ہیں کیونکہ ان تقریبات میں جانے کے لئے آپ کو زیادہ بھاری اور وزنی بیگ لے جانے کی ضرورت نہیں پڑتی یہ اسٹائل چابیاں ،لپ اسٹک اور والٹ رکھنے کے لئے زیادہ بہتر ہے ۔خواتین میں ان دنوں اوول شیپ پر بنے کلچز زیادہ مقبول ہیں ۔


۵۔ٹوٹ!(Tote)

ٹوٹ ہینڈ بیگ اسٹائل خواتین میں مقبول تمام ہینڈ بیگ اسٹائل میں سے ایک ہے۔ٹوٹ اسٹائل سادے اور لیدر کے کپڑوں یا ساخت پر تیار کئے جاتے ہیں۔ہینڈ بیگ کا یہ اسٹائل بھی ہوباسٹائل سے ملتا جلتا ہے لیکن یہ اسٹائل مختلف قسم کے ڈیزائن کے باعث نت نئے اسٹف پر ڈیزائن کیا جاتا ہے جو کہ آفس ورک اورشاپنگ کے لئے بہترین انتخاب ہے ۔

آپ کا ہینڈ بیگ پکڑنے کا اسٹائل کونسا ہے؟

کسی بھی خاتون کا ہینڈ بیگ اس کی شخصیت تک کی مکمل وضاحت بھی بیان کردیتا ہے۔خواتین کے پاس ملبوسات کی طرح بیگ کے معاملے میں لامحدود چوائسز موجود ہوتی ہیں۔

جس طرح ہر موقع کی مناسبت سے مختلف ملبوسات کا انتخاب کیا جاتا ہے اسی طرح خواتین ہینڈ بیگ کے سائز اور ڈیزائن کا انتخاب بھی اپنی مرضی اور موقع کی مناسبت سے کرتی ہیں ۔ بیگ کو پکڑنا ہے یا لٹکانا ہے اس بات سے ہٹ کر یہ دیکھا گیا ہے کہ بیگ پکڑنے کے کئی انداز اور اسٹائل ہیں اور ہینڈ بیگ پکڑنے کا یہی اسٹائل کسی بھی خاتون کی شخصیت کاآئینہ دار ہوتا ہے۔

*جو خواتین ڈھیلے ڈھالے انداز میں پرس پکڑتی ہیں وہ ایگریسو اور اسٹریٹ فارورڈ ہوتی ہیں۔ ایسی خواتین سے متعلق کہا جاتا ہےکہ منہ پھٹ اور بولڈنیس ان کی شخصیت کی سب سے اہم خوبیاں ہیں۔ یہ اسٹائل ان خواتین میں بھی پایا جاتا ہے جو مزاح کو پسند کرتی اور فلرٹ کرنے کو زندگی کا حصہ سمجھتی ہیں۔ ایسی خواتین زندگی کو ہر طرح سے انجوائے کرنا پسند کرتی ہیں روک ٹوک انہیں بالکل پسند نہیں۔

*جو خواتین اپنے کلچ یا چھوٹے پرس کو دونوں ہاتھوں سے سامنے کی طرف رکھتی ہیں اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ ایسی خواتین شرمیلی ہیں اور تحفظ کی متقاضی ہوتی ہیں۔یہی وجہ ہوتی ہےکہ وہ اپنی شخصیت چھپانے کے لئے بیگ کو آگے رکھتی ہیں ۔

*کچھ خواتین اپنے پرس جن پر اسٹرپ ہوتے ہیں خواہ وہ بڑے ہوں یا چھوٹے وہ انہیں اپنی کہنی پر لٹکانا پسند کرتی ہیں اور پرس کو سامنے کی طرف رکھتی ہیں تاکہ دوسروں کی پہلی نظر ان سے پہلے ان کے بیگ کی طرف پڑے ایسا وہ خواتین کرتی ہیں جو انتہائی مہنگے، قیمتی اور برانڈڈ قسم کے پرس استعمال کرتی ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ ہر کوئی ان کے مہنگے پرس کی طرف توجہ دے۔ عام طور پر ایسی خواتین شو آف کرنے کی خصلت سے مالا مال ہوتی ہیں۔

*اکثر خواتین اپنا کلچ یا چھوٹے ہینڈ بیگ کو بازو میں رکھنا پسند کرتی ہیں پرس بازو میں دبا کر خواتین اپنے ہاتھوں کو فری رکھنا پسند کرتی ہیں۔ ایسی خواتین کی شخصیت میں لاپرواہی کا عنصر زیادہ ہوتا ہے۔ انہیں اس بات کی قطعی کوئی فکر نہیں ہوتی کہ دوسرے ان کے بارے میں کیا سوچتے ہیں یا دوسروں کے ان کے بارے میں کس قسم کے خیالات ہیں ۔انہیں صرف اپنی ذات سے لگاؤ ہوتا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین