سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آنے والی ٹویٹس چند منٹوں اورچند گھنٹوں میں ہی نظروں سے اوجھل ہوجاتےہیں ،جس کو بعد میں تلاش کرنا بھی کافی مشکل ہو تا ہے ۔اس مسئلے کے حل کے لیے ٹوئٹر نے اہم ٹوئٹ پر بک مارک کا فیچر متعارف کرایا ہے،جس کو پوری دنیا بآسانی استعمال کرسکتی ہے ۔
ماہرین کے مطابق اس فیچر کے ذریعے صارفین تھریڈز،ویڈیوز اور گفس کو بک مارک سے محفوظ کرکے انہیں بعد میں آسانی سے دیکھ سکتے ہیں ۔ٹوئٹر کے ایسوسی ایٹ پروڈکٹ مینیجر جیسر شاہ کے مطابق یہ فیچر عوام کی درخواست پر متعارف کروایا گیا ہے۔
ٹوئٹر نے اس موقع پر شیئر بٹن میں مزید فیچر بھی متعارف کرائے ہیں ،جن میں ٹوئٹر کو ای میل، ٹیکسٹ اور ڈائریکٹ میسج کے ذریعے شیئر کرنے کے آپشنز بھی شامل ہیں۔ اس بارے میں پروڈکٹ مینیجر کا مزید کہنا ہے کہ ٹوئٹر 2017 سے بک مارک فیچر متعارف کرانے پر کام کررہا تھا۔یہ فیس بک کی طرح’ ’سیو فار لیٹر‘‘ کا آپشن ہی ہے۔
قبل ازیں ٹوئٹر صارفین اپنی پسندیدہ ٹویٹس کو فیورٹ کے آپشن میں شامل کررہے تھے۔کسی ٹویٹ کو بک مارک کرنے کےلیے پہلے ’’شیئر آئکن ‘‘ پر ٹیپ کیجیے اور اس میں سے ’’ایڈ ٹویٹ ٹو بک مارک‘‘ کے آپشن کو منتخب کرلیں۔ اس ٹویٹ کو بعد میں دیکھنے کےلیے بک مارکس پر جائیں، جو پروفائل آئکن مینیو میں موجود ہوتا ہے۔