تفہیم المسائل
سوال: امام کے رکوع کے بعد پہلے یا دوسرے سجدے میں کوئی مقتدی شامل ہوا،نماز کے آخر میں اپنی بقیہ رکعت بھی پڑھ لی ،آٹھ سجدوں کے بجائے نو سجدے اداکرلیے تو کیانماز مکمل ہوجائے گی ؟(محمد ناظم ،نارووال)
جواب: حدیث پاک میں ہے : ترجمہ:’’ حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: جس وقت ہم نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھ رہے تھے ،اچانک آپ کو لوگوں کی آہٹیں اور آوازیں سنائی دیں ،آپ ﷺ نے نماز پڑھنے کے بعد فرمایا: تمہیں کیاہواتھا؟انہوں نے عرض کیا : ہم جماعت میں شامل ہونے کے لیے جلدی کررہے تھے ،آپ ﷺ نے فرمایا: تم ایسانہ کرو ،جب تم نمازپڑھنے کے لیے آؤ توتم اطمینان اور سکون کے ساتھ آؤ ،تم کو(امام کے ساتھ) جتنی نماز مل جائے ،اسے پڑھ لو اور جتنی نماز تم سے فوت ہوجائے ،اُسے (بعدمیں)پورا کرو،(صحیح بخاری:635)‘‘۔
اس حدیث کے مطابق مقتدی کو چاہیے کہ سکون واطمینان کے ساتھ جماعت میں شامل ہونے کے لیے آئے اور امام کے ساتھ نماز میں شامل ہوجائے اورامام کے سلام پھیرنے کے بعد اپنی بقیہ نماز پوری کرلے ۔جتنی نماز ملنے کا واضح مطلب یہ ہے کہ اگر امام پہلے یا دوسرے سجدے میں ہے ،تو سجدے میں شامل ہوجائے ،یہ اضافی یا زائد سجدہ نماز کی تکمیل میں مانع نہیں ہوگا اور امام کے سلام پھیرنے کے بعد بقیہ نماز پوری کرنے پر نماز کامل شمار ہوگی ۔ مسبوق مقتدی مکمل رکعات کے علاوہ امام کی اقتدا میں جو اضافی سجدہ یا قعدہ کرے گا ،اس پر اسے اجرکی اُمید رکھنی چاہیے ۔
بعض لوگ امام کو سجدے یا قعدے میں دیکھ کر کھڑے رہتے ہیں اور امام جب نئی رکعت کے لیے کھڑا ہوتاہے ،تو شامل ہوجاتے ہیں ،ایسا نہ کریں ،بلکہ امام جس مرحلے میں بھی ہو ،نیت کرکے جماعت میں شامل ہوجائیں ،آپ کے ہر سجدے ،تسبیح اور قعدے پر آپ کو اجر ملے گا ، ان شاء اللہ تعالیٰ۔