• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کے برخلاف دو سابق وزراء اعظم کو حاضری سے استثنیٰ ہے

اسلام آباد (وسیم عباسی) دو سابق وزراء اعظم کو نیب عدالتوں میں حاضری سے مستقل استثنیٰ حاصل ہے جبکہ احتساب عدالت نے معزول وزیراعظم نواز شریف کو ذاتی وجوہ پر ہفتہ بھر کا استثنیٰ دینے سے بھی انکار کردیا ہے۔ نواز شریف جو اپنی بیمار اہلیہ کلثوم کی عیادت کے لئے گزشتہ ہفتے لندن گئے تھے انہوں نے صرف ایک دن جمعہ کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی تھی۔ جبکہ دو سابق وزراء اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویز اشرف کو نیب عدالت میں حاضری سے مستقل استثنیٰ دیا گیا۔ راجا پرویز اشرف کو احتساب عدالتوں میں 8؍ احتساب ریفرنسز کا سامنا ہے جس میں اربوں روپے کا رینٹل پاور پلانٹ کرپشن کیس بھی شامل ہے۔ انہیں دو بنیاد پر استثنیٰ دیا گیا، اول وہ سابق وزیراعظم ہے دوسرا عذر سیکورٹی خدشات کو بتایا گیا۔ جج محمد بشیر نے انہیں قبول کرتے ہوئے مستقل استثنیٰ دے دیا۔ اسی طرح سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر بھی کرپشن کے الزام میں مقدمات کا سامنا ہے ان کے خلاف نیب عدالت میں چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری کا ریفرنس موجود ہے۔
تازہ ترین