• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ ڈوسا کنگ‘ نے شادی کیلئے ملازم کو قتل کرادیا

بھارت میں ’ڈوسا کنگ‘ کے نام سے مشہور کاروباری شخصیت راجا گوپال نے اپنے ایک ملازم کی بیوی سے شادی کرنے کے لیے ملازم کا قتل کرادیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سروانا بھون نامی بین الاقوامی ریستورانٹس کے مالک 71 سالہ راجا گوپال اپنے ایک ملازم کی بیوی سے شادی کرنا چاہتے تھے، اُنہیں ایسا کرنے کے لیے ایک نجومی نے کہا تھا، راج گوپال کے اعصاب پر اُن کے ملازم کی بیوی سوار ہو گئی تھی، شادی کا راستہ آسان بنانے کے لیے راج نے 2001 میں ملازم کو قتل کرادیا۔

اپنے شوہر کے لاپتہ ہونے پر بیوی نے پولیس سے رابطہ کیا اور راجا گوپال کے خلاف رپورٹ بھی درج کروائی، پولیس کے مطابق اُن کے شوہر کی لاش ایک جنگل سے ملی اور پولیس نے اس بات کی تصدیق بھی کی کہ انہیں گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا تھا۔

راجا گوپال 2003ء میں بھی اسی سلسلے کے ایک اسکینڈل میں ملوث تھے جس میں انہوں نے اسی عورت (ملازم کی بیوی) کو رشوت دینے کی کوشش کی تھی جس پر خاتون کی فیملی کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش اور اُس کے بھائی پر تشدد بھی شامل تھا۔

ملازم کے قتل اور اُس کی بیوی کو ڈرانے اور دھمکانے والے راج گوپال کو 2004ء میں مقامی عدالت نے دس سال قید کی سزا سنائی مگر بعد میں چنائی ہائی کورٹ نے ان کی سزا کو عمر قید میں بدل دیا تھا۔

2009ء میں مجرم قرار پائے جانے کے بعد سےراجا گوپال عمر قید سے بچنے کی کوششیں کر رہے تھے، گزشتہ روز جب ان کی آخری اپیل مسترد ہوگئی تو انہوں نے خود کو چنائی کی عدالت کے حوالے کر دیا جبکہ قتل کے جرم میں عمر قید سے بچنے کی آخری اپیل بھی ناکام ہو گئی ۔

واضح رہے کہ سروانا بھون کے دنیا بھر میں 80 ریستورانٹس ہیں اور ان کے ہزاروں ملازمین ہیں۔ ان کے نیویارک، لندن اور سڈنی میں بھی ریسٹورانٹس ہیں۔

اپنے ریستورانٹس میں جنوبی بھارت کی معروف ڈش’ 'ڈوسا‘ متعارف کرنے کے حوالے سے راجا گوپال کو 'ڈوسا کنگ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ 

تازہ ترین