مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف کہتے ہیں کہ ایک جج کی ویڈیو سامنے آئی، فیصلے پر سوال اٹھے، جج واپس چلا گیا لیکن نواز شریف آج بھی قید ہیں، حالانکہ ان پر کوئی کرپشن کا الزام نہیں ہے۔
خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے مزید کہا کہ معاشی بحران سے توجہ ہٹانے کے لیے شہباز شریف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف کاٹی گئی ایف آئی آر مضحکہ خیز ہے، بد ترین انتقامی کارروائیاں موجودہ حکومت کی شناخت بن چکی ہیں، بھینس چوری کا مقدمہ ہماری سیاست میں ضرب المثل بن چکا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایک سال میں تین بجٹ پیش کیے گئے، آج تک کسی حکومتی شخص نے عوام یا ان کی مہنگائی کے متعلق کوئی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ملازمین آتے ہیں اور ہماری تباہی کا سامان کر کے چلے جاتے ہیں، جن صاحب نے بجٹ پیش کیا، انہیں فوری طور پر نوازا گیا۔
رہنما مسلم لیگ نون نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ کو 2002ء اور 2003ء میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ہم یہ جنگ آخر تک لڑیں گے، این آر او نہیں مانگیں گے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ ہم نے مشرف دور میں بھی جیلیں کاٹیں، جیلیں کاٹنے کے بعد بھی آج ایوان میں ہوں اور دیکھیں مشرف کہاں ہے۔