• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ کا کشمیر میں مواصلات کی بندش ختم کرنے کا مطالبہ

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں مواصلات کی بندش ختم کرنے اور پرامن مظاہروں کے خلاف کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کردیا۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت کا انٹرنیٹ اور مواصلات کے نظام کو بغیر کسی وجہ کے بند کرنا بنیادی جمہوری اُصولوں کے خلاف ہے۔ مواصلات کی بندش کشمیریوں کو بغیر کسی جرم کے اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہے۔

ماہرین نے مظاہرین کے خلاف بھارتی فورسز کی جانب سے حد سے زیادہ طاقت استعمال کرنے پر خدشات کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت کی ذمہ داری ہے کہ ہتھیاروں کا استعمال صرف اس وقت کیا جائے جب جانی نقصان کا خدشہ ہو۔

ماہرین نے سکیورٹی اہلکاروں کے رات میں گھروں پر چھاپے مار کر نوجوانوں کو گرفتار کرنے پر تشویش کا اظہار کیا، کہا کہ یہ گرفتاریاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے زمرے میں آتی ہیں۔ حکام ان کی تفتیش کریں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ماہرین نے جبری گمشدگیوں سے متعلق خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ فکرمند ہیں کہ گرفتار کیے گئے لوگوں کو کہاں رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ماہرین نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔

تازہ ترین