• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے رواں ماہ پاکستان میں ہونے والی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔

سری لنکا کے وزیرِ کھیل ہارین فرنینڈو نے گزشتہ ماہ ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان جا کر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی، اِس پریس کانفرنس کے بعد پی سی بی کے چئیرمین احسان مانی نے سری لنکا کے وزیرِ کھیل ہارین فرنینڈو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، جس میں یہ طے ہوا تھا کہ رواں ماہ سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان آکر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سریز کھیلے گی اور اِس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا انعقاد کیا جائے گا۔

اب سری لنکن کرکٹ ٹیم کے متعدد سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان آکر کھیلنے سے منع کردیا ہے، انکار کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان لیستھ ملنگا، ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونارتنے اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انجیلو میتھیوز شامل ہیں۔

وزیرِ کھیل ہارین فرنینڈو کے مطابق کھلاڑیوں کے انکار کرنے کی وجہ اُن کے اہلِ خانہ ہیں جنہوں نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے کھلاڑیوں کو سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان جانے سے منع کردیا ہے۔

سری لنکا کے وزیرِ کھیل کا کہنا ہے کہ ’میں خود کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان آنے کے لیے تیار ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’کھلاڑیوں کو راضی کرنے کے لیے سری لنکن کرکٹ حکام 9 ستمبر کو تمام کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے۔‘

دوسری جانب پاک سری لنکا سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ یومِ عاشورہ کے بعد شروع کیا جائے گا، ٹکٹ کی کم از کم قیمت 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں ٹکٹ آن لائن دستیاب ہوں گے اور اُس کے بعد ٹکٹ نجی کورئیر کمپنی کے ذریعے فروخت کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاک سری لنکا سریز کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے، شیڈول کے مطابق ون ڈے میچز 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین