پاکستان کی سابق سینیٹر سحر کامران(تمغہ امتیاز) نے قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا ہےکہ اس وقت کشمیر کو حاصل کرنے کے لئے ہم سب کو بہت اہم کردار ادا کرنا ہے، وہ جدہ میں پی پی پی سعودی عرب کے زیر اہتمام 54 ویں یوم دفاع اور کشمیر یکجہتی کے موقعے پر منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کررہی تھیں ۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں پر بھی زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیرکو زیادہ سے زیادہ اپنے عرب حلقوں میں اجاگر کریں۔ ساتھ ہی بھارتی مصنوعات اور اشیاء کا بائیکاٹ کریں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کشمیر کی آواز سنائی دے رہی ہے۔ جو لوگ تحریک چلا رہے ہیں وہ حکمت عملی کے ساتھ راستے کا تعین کررہے ہیں۔سحر کامران نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی کشمیری عوام کے ساتھ وابستگی تین نسلوں پر پھیلی ہے۔ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے تاریخی الفاظ تھے ، کہ ’’ہم کشمیر کو آزاد کروانے کے لئے ایک ہزار سال تک لڑیں گے‘‘، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا یہ بیان کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور سابق صدر آصف علی زرداری کے اقوام متحدہ کے کشمیر میں اپنے خطاب میں اس بات کی تصدیق ہے کہ ’’کشمیر ہماری شہہ رگ ہے‘‘۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اس معاملے پر مضبوط قیادت کا مؤقف اپنایا ہے۔ سحر کامران نے اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی اور جاوید ملک کا یوم یکجہتی یوم دفاع پاکستان کے ایونٹ کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔اس سے قبل پروگرام کا آغازمولانا شمس الحق کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ آفتاب ترابی نے نظامت کی اور نعت پیش کی۔
جاوید ملک نے اپنے صدارتی خطاب میں سحر کامران کا شکریہ ادا کیا اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔اس موقع پہ اکرام اللہ کھولی، خالد گجر ، نوشروان خٹک ، سلیم خان اور طاہر بھائی نے بھی خطاب کیا۔