سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل راحیل شریف کے علاوہ مختلف ممالک کے سفیروں اور ملٹری اتاشیوں نے شرکت کی ۔دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والی یوم دفاع پاکستان کی تقریب میں چین، یوکے، نائجیریا، انڈونیشیا، ملائشیا،سوڈان، ویت نام اور دیگر اہم ممالک کے سفیروں اور ملٹری اتاشی شریک ہوئے جبکہ اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے خصوصی شرکت کی ۔اس موقعے پر پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج پیشہ ورانہ مہارت رکھتی ہیں،جنہوں نے ضرب عضب اور ردالفساد جیسے کامیاب آپریشن کرکے ملک کو دہشت گردوں سے پاک کیا ہے ۔پاکستان کی تینوں مسلح افواج جہاں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنا رہی ہیں وہیں خطے میں امن قائم رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
کشمیری عوام گزشتہ ایک ماہ سے بھارتی فوج کے کرفیو کے باعث یرغمال ہو کر رہ گئے ہیں اقوام عالم کو چاہئیے کہ وہ اس جانب توجہ دے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروائے ۔سفارت خانہ پاکستان کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر ہارون اسحاق راجہ نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج ملک کی حفاظت کو یقینی بنائے گی اور اگر بھارت نے جارحیت کی تو اس کامنہ توڑ جواب دیا جاے گا۔
پاکستانی فوج نے دنیا بھر میں امن فوج میں بھی بے مثال کردار ادا کیا ہے جس کو پوری دنیا سراہتی ہے۔دوسری جانب اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل (ر) راحیل شریف نے یوم دفاع پر کشمیر ایشو پر موقف بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فاشسٹ راج نے تمام حدود کو عبور کرلیا ہے، نریندر مودی کے زیر اقتدار ہندوستانی فاشسٹ حکومت نے تمام حدیں پار کردی ہیں۔انہوں نےتمام شہدا کو مادر وطن کے لئے اپنی جانیں دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ 1965ء کی جنگ کے دوران مسلح افواج کا قومی جذبہ اور بہادری بے مثال تھا۔ پاک فوج نے جنگ سخت حالات میں لڑیں اور آج بھی افواج پاکستان کسی بھی چیلنج کا مقابلہ عزت اور جذبے کے ساتھ کرسکتی ہیں۔جنرل (ر) راحیل شریف نے کہا کہ ’’کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، ایک نامکمل ایجنڈا ہے اور خطے میں استحکام کے لئے اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ضروری ہے ‘‘۔
پاکستان فورم مکہ نے بھی یوم دفاع کے حوالے سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا جس میں فورم کے صدر ڈاکٹر محمد عرفان اللہ صدیقی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا ، مہمان خصوصی ظہیرالدین رحمانی اور مہمان اعزازی سابق پی ایچ وی جی کوآرڈینیٹر پاکستان حج والنٹیرز گروپ محمد اسماعیل ، ڈاکٹر حمزہ ، بزرگ صحافی اور 65ء کی جنگ کے جانباز محمدعامل عثمانی ، مجیب الرحمن اور مکہ کی دیگر معروف شخصیات پاکستانی کمیونٹی اور بچوں نے شرکت کی ۔
جس میں یوم دفاع اور کشمیر کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج و حکومت کی طرف سے انسانیت سوز ظلم وتشدد، نسل کشی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، عالمی اداروں کو اس دہشتگردی کوروکنے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں اور آزادئ کشمیر کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمدکرتے ہوئے حل کروانا چاہئیے۔ کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا ۔ اس کے بعد پاکستان حج والنٹیرز گروپ کے رضاکاروں میں سرٹیفکیٹس اور کھیلوں کے مقابلے میں کامیاب بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔انجینئر کامران خان پروگرام کے منتظم اعلی تھے۔