• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈرائیورز کی نگرانی کیلئے ٹیکسیوں میں کیمرے نصب

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں ڈرائیورز کی نگرانی کے لیے تمام ٹیکسیوں میں کیمرے نصب کردیے گئے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے کیا تھا۔

اس ادارے کا کہنا ہے کہ دبئی میں چلنے والی تمام ٹیکسیوں میں نگرانی کے لیے کیمرے لگائے گئے ہیں تاکہ ان میں موجود ڈرائیورز کی ان کے کام کے معیار کے مطابق نقل و حرکت کی نگرانی کی جاسکے۔

آر ٹی اے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ ادارے کے اسمارٹ سٹی اقدام اور لوگوں کو خوش رکھنے جیسے اقدامات میں بہت معاون ثابت ہوگا۔

ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ سسٹم خالد الاوادی کا کہنا تھا کہ دبئی میں ٹیکسیوں کی تعداد 10 ہزار 6 سو 84 ہے جن میں کمیرے نصب کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیمرے نصب کرنے کا مقصد ٹیکسی ڈرائیورز کے اخلاقی اور پیشہ ورانہ اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔

خالد الاوادی نے بتایا کہ کیمرے نصب کرنے سے ڈرائیورز کے ٹیکسی میں موجود مسافروں کے ساتھ اچھے برتاؤ کو بھی فروغ ملے گا۔

یہ کیمرے سینسر کے ساتھ کام کریں گے اور جیسے ہی ان میں مسافر سوار ہوگا تو کیمرہ آن ہوجائے گا۔

خالد الاوادی کا کہنا تھا کہ ان کیمروں کو ٹیکسیوں میں نصب کرنے کا سلسلہ اگست 2017 میں شروع ہوا تھا جو دو سال بعد اب تمام ٹیکسیوں میں کیمرے نصب کرنے پر پورا ہوا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آر ٹی اے مسافروں کو سیکیورٹی اور سکون فراہم کرنے کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات متعارف کروانے کا خواہشمند ہے جو آر ٹی اے کی ترجیحات میں شامل ہے۔

تازہ ترین