• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لڑکیوں کو پھنسانے کے طریقے سکھانے والے کودو برس قید کی سزا

گلاسکو (طاہر انعام شیخ) گلاسگو کا 38سالہ عدنان احمد جو یوٹیوب You Tubeپر اپنی ویڈیو لگا کر لوگوں کو سکھاتا تھا کہ لڑکیوں کو کس طرح پھانسا جاتا ہے، اسے عدالت نے دو سال کی سزا دی ہے اور ساتھ ہی 10سال کے لئے اس کا نام جنسی مجرموں کے رجسٹرڈ پر درج کر دیا گیا ہے۔

عدنان احمد لڑکیوں کے ساتھ اپنی بات چیت کی خفیہ طور پر ویڈیو ریکارڈنگ کرکے اور اس کو یو ٹیوب پر ایڈی اے گیم (Addy A Game)کے نام سے لگاتا تھا۔

اس پر الزامات تھے کہ مئی 2016ء سے لے کر نومبر 2018ء تک اس نے گلاسگو سٹی نسٹر اور ارنگسٹن میں اس نے 5خواتین کو خوف وہراس میں مبتلا کیا۔

ایک 17سالہ لڑکی نے عدالت میں گواہی دیتے ہوئے کہا کہ عدنان نے مجھے (Pretty)کہہ کر پکارا جس سے میں بے اطمینانی کا شکار ہو گئی۔

پھر مجھ سے پوچھا کہ کیا میں اسکول جاتی ہوں اور کیا پڑھ رہی ہوں، میرا کوئی بوائے فرینڈ ہے؟ میں نے نفی میں جواب دیا، میں نے ایک انگوٹھی پہن رکھی تھی جو کہ شادی والی انگلی میں نہیں تھی، چنانچہ پوچھا کہ کیا میں شادی شدہ ہوں، میں نہیں میں جواب دے کر چل دی لیکن اس نے مجھ سے ٹیلیفون نمبر مانگا اور کافی پینے کی دعوت دی۔ میں نے اسے پھر انکار میں جواب دیا۔

ایک 21سالہ خاتون نے بتایا کہ احمد نے گلاسگو سٹی نسٹر میں میرا پیچھا کیا اور میرے قریب ہونے کی کوشش کی جس پر میں نے اسے دھکا دیا۔

ایک 20سالہ خاتون نے کہا عدنان احمد مجھے گلاسگو کی بکنین اسٹریٹ میں ملا اور میری تعریف کرتے ہوئے مجھے Kim Kardashian سے مشابہ قرار دیا چونکہ میں ٹی وی کے پروگرام Impractical Jokerکو دیکھتی رہتی ہوں اس لئے میں نے اسے بالکل مذاق سمجھا اورسوچا کہ کیمرہ کدھر ہے۔ عدنان احمد نے مجھے انسٹا گرام پر ایک پیغام بھی بھیجا ، جس میں مجھے نسل پرست قرار دیا۔ چنانچہ میں نے اسے بلاک کردیا۔

جیوری نے عدنان احمد کو پانچوں الزامات میں مجرم قراردیدیا اور عدالت نے ملزم کے پس منظر کی مزید رپورٹیں آنے تک سزا ملتوی کر دی تھی۔

گزشتہ روز شیرف لندسے وڈ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ چونکہ مجرم کو اپنے جرائم پر کوئی شرمساری نہیں۔ چنانچہ میرے پاس اسے قیدکی سزا دینے کا کوئی متبادل نہیں۔

عدنان احمد گلوبل نیٹ ورک (Pick up Artist)کا حصہ ہے جو ان تمام حرکتوں کو ایک گیم سمجھتا ہے۔ یو ٹیوب سے اس تنظیم کی ہزاروں ویڈیوز کو اب بند کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین