• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا مالکان و ورکرز کے مسائل حل کرنے جا رہے ہیں: فردوس

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ اپوزیشن نے آزادیٔ اظہارِ رائے سے متعلق غلط بیانی کی، میڈیا مالکان اور ورکرز کے مسائل حل کرنے جا رہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آزادیٔ اظہارِ رائے کو سلب کرنے کا پروپیگنڈا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار بنایا جا رہا ہے، جنہوں نے معیشت کی تباہی میں حصہ ڈالا وہ مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کو وینٹی لیٹر پر ڈالنے والے اپنے علاج کے لیے پریشان ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم ہمیشہ کے لیے اس مسئلے کو طے کریں گے، انہوں نے میڈیا سے جڑے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کمیٹی بنائی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: پوری نون لیگ مفروروں کے پاس بیٹھی ہے: فردوس

فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے بنائی گئی یہ کمیٹی میڈیا مالکان اور میڈیا ورکرز کے درمیان پل بننے جا رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میڈیا مالکان اور ورکرز کے مسائل کا تدارک کرنے جا رہے ہیں، 2020ء میڈیا مالکان اور میڈیا ورکرز کے درمیان خلیج کم کرنے کا سال ہو گا۔

تازہ ترین