پنجاب کے میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں، شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ صفر ہونے سے موٹر وے کو کئی مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ ملتان میں فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں دھند پڑنے کا سلسلہ جاری ہے، دھند کے باعث موٹر وے ایم 5 ملتان سے سکھر تک، خانیوال سے ملتان تک جبکہ ایم 3 فیض پور سےعبدالحکیم تک شدید دھند کے باعث بند ہے۔
دھند کے وجہ سے موٹر وے ایم 4 شور کوٹ سے شام کوٹ تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: پنجاب میں دھند کے باعث حادثات، 7 زخمی
قومی شاہراہ پر پتوکی، حبیب آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں، بہاولپور اور مسافر خانہ میں دھند کے باعث حدِ نگاہ 50 میٹر تک رہ گئی۔
موٹر وے پولیس کی جانب سے شہریوں کو دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر ملتان 3 روز سے جاری شدید دھند کا سلسلہ تھم نہ سکا، جس کے باعث حدِ نگاہ 100 میٹر رہ گئی اور ملتان ایئر پورٹ پر فلائٹ شیڈول معطل کر دیا گیا، ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہے، موٹر وے کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
ملتان ایئر پورٹ کے ذرائع کے مطابق مدینہ سے ملتان آنے والی پرواز پی کے 716 کو لاہور بھیج دیا گیا ہے، کراچی سے ملتان آنے والی پرواز پی کے 580 کو اسلام آباد موڑ دیا گیا، جبکہ ملتان سے اسلام آباد جانے والی پرواز منسوخ کر دی گئی۔
نجی ایئر لائنز کی جدہ، دوحہ، شارجہ، دبئی سے آنے والی جبکہ پاکستان ایئر لائن کی جدہ سے آنے والی پرواز تاخیر کا شکار ہے۔
ملتان میں ایم فائیو، ایم فور اور ایم تھری موٹروے بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔