• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

MQM کا نہیں معلوم، مراد علی شاہ سے ملنے آیا ہوں، شیخ رشید

وزیرِ ریلوے  شیخ رشید احمد کی کراچی میں پریس کانفرنس 


وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ مجھے ایم کیوایم کا نہیں معلوم، میں تو سپریم کورٹ کے حکم پر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملنے کراچی آیا ہوں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ کراچی میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سے ملاقات کے لیے وقت لیا ہے، کے سی آر کے لیے 38 کینال زمین خالی کر والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کی زمین سندھ حکومت کو دینے کا فیصلہ کیا ہے، کراچی میں ریلوے کی جتنی اہم زمینیں ہیں انہیں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ریلوے خسارہ کیس، شیخ رشید سپریم کورٹ میں طلب

شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہمیں گائڈ لائنز دی ہیں، ہم سے بزنس پلان مانگا ہے، کراچی ریلوے کی شہہ رگ ہے، اسے نظر انداز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام ریلوے کے اسکول اور اسپتال پرائیویٹ پارٹنرز کے ساتھ مل کر چلائیں گے، تیز گام حادثے میں پہلے سلنڈر پھٹے یا پہلے شارٹ سرکٹ ہوا، اس بات کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔

وزیرِ ریلوے نے کہا کہ ریلوے کے خسارے میں 4 ارب روپے کم کیے، آئندہ 6 ارب کریں گے، زندگی میں پہلی بار وزیرِ اعلیٰ سندھ سے ملنے جا رہا ہوں۔

یہ بھی پڑھیئے: قوم آئی ایم ایف کو قیمت چکا رہی ہے، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کا منصوبہ پہلے مکمل ہو گا یا کراچی سرکلر ریلوے کا، یہ ابھی نہیں بتا سکتا، ڈیم فنڈ کے لیے 100 میں سے ایک روپیہ رکھا ہے، اس سے کوئی قیامت نہیں آ جاتی۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے ذریعے ریلوے کی چار اہم پراپرٹیاں واپس لیں گے، انگریز ایسا ٹریک بچھا کر گیا ہے جس پر کوئی قبضہ نہیں کر سکتا۔

وفاقی وزیرِ ریلوے نے میڈیا سے گفتگو میں کورونا وائرس کو پاکستانی معیشت کے لیے بھی بڑا امتحان قرار دیا۔

تازہ ترین