• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری برادران اور MQM کہیں نہیں جا رہے: شیخ رشید

شیخ رشید  کی لاہور میں پریس کانفرنس  


وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران اور ایم کیو ایم کہیں نہیں جا رہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ مسلم لیگ نون اور پاکستان پیپلز پارٹی ختم ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نہیں آئیں گے، مریم نواز نہیں جائیں گی، صرف میاں شہباز شریف واپس آئیں گے۔

وزیرِ ریلوے نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان سے کہہ دیا ہے کہ ہماری اپوزیشن مسلم لیگ نون اور پاکستان پیپلز پارٹی نہیں ہیں بلکہ مہنگائی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ریلوے خسارہ کیس، شیخ رشید سپریم کورٹ میں طلب

انہوں نے کہا کہ تیزگام کے سانحے کی رپورٹ کو روک سکتا تھا لیکن میں نے اسے روکا نہیں، اس رپورٹ کے خدوخال کا جائزہ لے رہے ہیں، سانحے کی فرانزک رپورٹ کا انتظار ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ تیز گام حادثے پر افسران کو سزائیں دینے جا رہے ہیں، ٹرین میں آگ لگنے کی وجہ واضح طور پر نہیں بتائی گئی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کا حکم ہے کہ 15 دن میں کے سی آر کو بحال کرانا ہے، چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ سندھ کی حکومت اور کراچی کے لوگوں کے ساتھ مل کر طے ہو جائے۔

وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے یہ بھی کہا کہ 5 فروری کو یک جہتیٔ کشمیر سے متعلق راول پنڈی میں تاریخی ریلی نکالیں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: قوم آئی ایم ایف کو قیمت چکا رہی ہے، شیخ رشید

گزشتہ روز شیخ رشید نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایم ایل 1 پراجیکٹ شروع کرنے سے ریلوے کا نظام کسی پیچیدگی کے بغیر کام کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اربوں ڈالر کے اس بڑے پراجیکٹ کی فزیبلیٹی پہلے ہی تیار کر لی گئی ہے جس پر مزید کام کے لیے ٹینڈر آئندہ چند ہفتوں میں کھولے جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل 1 پراجیکٹ حادثات سے بچنے کی واحد امید ہے، موجودہ دور میں 18 ویں صدی کا ٹریک استعمال کرنا خطرناک ہے، اس لیے نیا ٹریک تیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ایم ایل 1پراجیکٹ سے بڑی تعداد میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: سراج الحق کی شیخ رشید پر شاعرانہ انداز میں تنقید

تیز گام ٹرین کے حادثہ کے متعلق وزیرِ ریلوے نے یہ بھی کہا تھا کہ تحقیقات کا پہلے ہی حکم دے دیا گیا ہے اور ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

تازہ ترین