• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 نئی دہلی میں احتجاج: ہلاکتیں 7 ہوگئیں


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورۂ بھارت کے موقع پر دارالحکومت دہلی میں فسادات روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

گزشتہ روز ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران پولیس اہلکار سمیت 7 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر متنازع شہریت بل کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والوں پر دہلی پولیس کے تشدد اور غنڈہ گردی کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

پولیس اہلکاروں نے زخمی مظاہرین پر ڈنڈے برسائے، انہیں گالیاں دیں اور ان سے زبردستی بندے ماترم پڑھوایا۔

یہ بھی پڑھیئے: پاکستان سے بہت اچھے تعلقات ہیں، ٹرمپ

آر ایس ایس کے غنڈوں نے ٹائر مارکیٹ میں مسلمانوں کی دکانوں کو بھی آگ لگا دی جس کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی۔

سوشل میڈیا پر بھارتی شہریوں کی جانب سے پوسٹ کی گئی پر امن مظاہرین کو زد و کوب کرنے کی ویڈیوز نے دہلی پولیس کی متعصبانہ کارروائی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

پولیس نے زخمی مظاہرین کو بھی نہ بخشا، پولیس اہلکار زمین پر پڑے نیم مردہ حالت میں مظاہرین پر ڈنڈے برساتے رہے، زخموں سے نڈھال مظاہرین سے زبردستی ترانے گانے کو کہا اور ان کی ویڈیو بنائی۔

ایک اور وڈیو میں آر ایس ایس کے غنڈوں کو گوکھل پور مارکیٹ کو آگ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: امریکی صدر بھارت کے دورے سے قبل باہوبلی بن گئے

گزشتہ روز امریکی صدر کے دورۂ بھارت کے دوران متنازع شہریت بل کے خلاف پُرامن احتجاج کرنے والوں پر مودی کے حامی بی جے پی اور آر ایس ایس کے انتہا پسندوں نے حملہ کیا تو پولیس بھی حملہ آوروں کے ساتھ مِل گئی۔

انتہا پسند اسلحے کے زور پر ادھم مچاتے رہے، املاک کو راکھ کا ڈھیر بناتے رہے، پولیس خاموش تماشائی بنی کھڑی دیکھتی رہی۔

انتہا پسندوں کے جتھوں نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ ظفر آباد، موج پور، سلیم پور اور چاند باغ کے علاقوں میں پر امن مظاہرین پر پتھر برسائے یا گولیاں داغیں، دکانوں اور مزاروں کو آگ لگا دی۔

ایک طنزیہ پیغام میں بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے لکھا ہے کہ شاباش آگے بڑھیئے اور پتھر ماریئے، دہلی پولیس کے لیے تالیاں۔

یہ بھی پڑھیئے: صدر ٹرمپ کا استقبال،کچی بستی کو نہیں چھپایا،بھارت

بھارتی سیاست دان اسد الدین اویسی اور بھارتی صحافی برکھا دت نے دہلی فساد کی جڑ بی جے پی رہنما کپل مشرا کے اُس بیان کو ٹھہرایا ہے جس میں دہلی والوں کو صاف صاف دھمکی دی گئی تھی۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے دوران کانگریس کی اہم قیادت کو نظر انداز کرنے پر سابق بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ نے ٹرمپ کے عشائیے میں شرکت سے انکار کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں پولیس اور پیرا ملٹری فورس کے دستے تعینات ہیں، مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں صورتِ حال آج بھی بہت کشیدہ ہے۔

نئی دہلی کے 6 میٹرو اسٹیشن آج بھی بند ہیں، برہما پوری اور موج پور کے علاقوں میں پتھراؤ کیے جانے کی اطلاعات ملی ہیں، موج پور میں آج صبح 5 موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی گئی جبکہ علاقے میں پولیس کا فلیگ مارچ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: مودی سفارتی آداب بھول گئے، میلانیہ کو لے کر آگے بڑھ گئے

بھارتی ریاست مہاراشٹر کی وزارتِ داخلہ کے مطابق نئی دہلی میں کشیدگی کے بعد ممبئی میں بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز متنازع شہریت بل کے خلاف پُرامن احتجاج کرنے والوں پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے حامیوں نےحملہ کر دیا تھا جس کے بعد دہلی بھر میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔

تازہ ترین