• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ نہ تھم سکا‘بجلی کی آنکھ مچولی جاری

کراچی میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ نہ تھم سکا‘بجلی کی آنکھ مچولی جاری 


کراچی(آئی این پی/اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ اور اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے‘دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کو بجلی کی سپلائی مکمل طورپر بحال ہے۔لیاقت آباد، لیاری،نیوکمہارواڑہ‘ فیڈرل بی ایریا، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، کیماڑی، گلشن اقبال سمیت شہر کےبیشترعلاقوں میں کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔گرم موسم میں بجلی کی بندش سے شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ معمولات زندگی بھی متاثرہورہے ہیں‘ نارتھ کراچی، گلستان جوہر، لیاقت آباد اور کیماڑی کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی دن میں 2 سے 3 بار ایک ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق جامشورو گرڈ اسٹیشن میں آگ لگنے کے باعث کراچی کی بجلی بھی متاثر ہوئی تھی تاہم کراچی کو نیشنل گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی سپلائی مکمل طور پر بحال ہے۔کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق جامشورو گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی کے باعث منگل کی علی الصبح کراچی کو بجلی کی فراہمی عارضی طور پر متاثر ہوئی جبکہ کے الیکٹرک نے شہر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رکھا جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا‘ شہریوں کا کہنا تھا کہ کراچی میں بجلی کی بندش پہلے کی طرح جاری ہے اور اس میں کوئی خاص کمی نہیں آئی۔کے الیکڑک کے اعلامیے کے مطابق نیشنل گرڈ سے بجلی کی سپلائی میں تقریباً 200 میگاواٹ کی کمی کے نتیجے میں عارضی لوڈ مینجمنٹ کی ضرورت تھی تا ہم نیشنل گرڈ سے سپلائی میں بہتری کی وجہ سے کراچی میں بجلی کی فراہمی بھی تیزی سے معمول پر آگئی نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی سے تقریباً دو گھنٹے بعد 650 میگا واٹ بجلی کی مکمل بحالی کے ساتھ ہی کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔

تازہ ترین