اسلام آباد(کامرس رپورٹر/نمائندہ جنگ ) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹوکمیٹی (ایکنک) نے کراچی تا پشاور ریلوے لائن منصوبہ ʼایم ایل ونʼ سمیت 1252ارب روپے مالیت کے چار میگامنصوبوں کی منظوری دیدی ہے ، منصوبہ سی پیک کا حصہ ، لاگت گیارہ کھرب، کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹریک اپ گریڈ ہوگا،ایم ایل ون کی لاگت 6ارب80کروڑ ،67لاکھ 83ہزار ڈالر (1137ارب روپے ) ہے یہ منصوبہ سی پیک کے تحت مکمل کیا جائے گا ،منصوبے میں حویلیاں کے قریب ڈرائی پورٹ کے قیام کی منظوری بھی شامل ہے ، منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا جائیگا، منصوبہ کی تکمیل کے بعد مسافرٹرینوں کی رفتار 110 کلومیٹرفی گھنٹہ سے بڑھ کر165کلومیٹرفی گھنٹہ ہوجائیگی، اسی طرح ایک سمت سے یومیہ 34 ٹرینوں کی گزرنے کی استعداد 137 تا 171 ٹرینیں یومیہ کردی جائیگی، قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹوکمیٹی (ایکنک) کا اجلاس مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم ایل ون منصوبے میں کمٹمنٹ چارجز سے بچنے کیلئے یہ منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا جائیگا، ہر پیکج کیلئے قرضہ کے ضمن میں علیحدہ معاہدہ کیا جائیگا، منصوبہ کے تحت موجودہ 2655 کلومیٹرطویل ریلوے پٹڑی کو اپ گریڈ کیا جائیگا،وزارت ریلویز منصوبہ کی موثرنگرانی اورعمل درآمد کیلئے پراجیکٹ مانیٹرنگ کمیٹی قائم کریگی،اجلاس میں پاکستان سنگل ونڈوپروجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی، منصوبہ کی کل لاگت 11 ارب 7کروڑ41لاکھ 60ہزار روپے ہو گی ، منصوبہ سے کی تکمیل سے پاکستان کی کراس بارڈر تجارت سے متعلق اشاریوں کی عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئیگی، ، بی آرٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کراچی کی تعمیر کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک اورانکے شریک فنانسنگ شراکت داروں کیلئے لاگت کی شئیرنگ کے تناسب میں تبدیلی کی منظوری بھی دی گئی، منصوبہ کی کل لاگت 78ارب 38کروڑ43لاکھ روپے ہے ، یوایس پاکستان نالج کوریڈور(فیزون ) کے تحت پی ایچ ڈی پروگرام کی منظوری دی گئی، پروجیکٹ کے دائرہ کارکو 1500 سکالرشپس سے کم کرکے ایک ہزارسکالرشپس کردیا گیاہے،منصوے کی منظوری کے بعد چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ الحمد اللہ ایکنک نے 6.806ارب ڈالر کے ریلوے کے پشاور تا کراچی ریلوےلائن کی اپ گریڈیشن ، حویلیاں ڈارئی پورٹ کی تعمیر اور والٹن اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کے ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دیدی ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نےکہا کہ منصوبہ سے ریل کے انفراسٹرکچر میں بہتری ہوگی اور ریلوے کا انتظامی ڈھانچہ بہتر کیا جائےگا لیگی رہنما احسن اقبال نےکہا کہ خوشی ہے کہ آخر کار ایکنک نے دو سال کی تاخیر سے ہی سہی منصوبے کی منظوری دے دی لیکن منصوبے کے لیے بجٹ میں مختص ابتدائی 6ارب کی رقم منصوبے کو شروع کرنے کیلئے ناکافی ہے۔