• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، پختونخوا اور بلوچستان میں بھی شدید بارشیں، دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، دریائے سواں میں طغیانی

اسلام آباد،لاہور،سیالکوٹ،سرگودھا،حافظ آباد،پشاور،کوئٹہ،(نمائندگان جنگ، ایجنسیاں، مانیٹرنگ سیل)پنجاب، پختونخوا اور بلوچستان میں بھی شدید بارشیں،مختلف شہروں میں چھتیں، دیواریں، آسمانی بجلی گرنے اور ٹریفک حادثات میں 18افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، دریائے سواں میں طغیانی آگئی۔ 

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روزراولپنڈی اسلام آبادسمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش نے تباہی مچادی، چھتیں، دیواریں،آسمانی بجلی گرنے اور ٹریفک حادثات میں 18افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ راولپنڈی اسلام آبادمیں بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔

دریائے سواں میں بھی طغیانی کے باعث بعض آبادیوں میں پانی داخل ہو گیا ، کرسچین کالونی (شیرون کالونی) کے چرچ اور گھروں میں چار، چار فٹ پانی داخل ہو گیا ، ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر واسا حکام اپنے عملہ اور ہیوی مشینری کے ساتھ وہاں پہنچے ، چرچ اور لوگوں کے گھروں سے پانی نکالنے میں کامیاب ہو گئے ،لاہور میں مسلسل بارشوں سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا۔ 

سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا۔ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں ممکن ہوا۔ لیسکو کے 70سے زائد فیڈر ڈیڈ شارٹ ہو گئے جس سے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے،بارشوں اور سڑکوں پر پانی کھڑے ہونے کی وجہ سے عملے کو بجلی بحال کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا،انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بارش بند ہونے کے بعد بجلی کی سپلائی بحال ہو گئی۔

دیگر علاقوں میں بجلی کی مرمت و بحالی کا کام جاری ہے۔ سرگودھا میں نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ 

گلیوں اور بازاروں میں کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔ کرنٹ لگنے اور چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔پنڈدادن خان میں دیوار گرنے سے 2 بچے زندگی کی بازی ہار گئے،ملکوال کے قریب چک نظام کے مقام پر بارش کی پھسلن کے باعث ملکوال کارہائشی نوجوان موٹرسائیکل سوار دریاے جہلم میں جا گرا،تا حال اس کی لاش نہیں ملی۔

سیالکوٹ کے محلہ پریم نگر میں مکان کی چھت گرنے سے 70سالہ خالدہ جاں بحق جبکہ 25سالہ زینب زخمی ہوگئی ، محلہ اٹاری میں 38سالہ شعیب، 35سالہ شہباز اور 3سالہ آریان زخمی ہوگئے۔

کھاریاں کے گاؤں بھگوال میں ایک نوجوان اور اس کی والدہ راحیلہ بی بی چارہ کاٹنے والی مشین سے کرنٹ لگنے سے موقع پرجاں بحق ہو گئے،جبکہ محلہ ستار پورہ کا رہائشی ابو بکر 11ہزار کے وی کی تاروں سے چھو کر جاں بحق ہو گیا ۔

مریدکے میں بارش کے باعث جی ٹی روڈ پر دو ٹرک ٹکرانے سے دو افراد شاہد اور مجید جاں بحق ہوگئے ، ٹمبر مارکیٹ میں فیکٹری کی چھت گرنے تین مزدور شدید زخمی ہوگئے۔

کامونکی میں سادھو کی کے نزدیک پھسلن کے باعث ٹرک نے کار کو ٹکر ماردی جس سے 2 افراد محمد وسیم اور محمد جاوید موقع پر ہی دم توڑ گئے۔نارووال میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ حافظ آباد کے گائوں ٹھٹھہ کھرلاں کے قریب آسمانی بجلی گر نے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو ئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں سات سالہ عبداللّٰہ، احتشام اور مبشر شامل ہیں۔

فیصل آباد، منڈی بہاءالدین، ظفر وال اور چشتیاں میں بھی جل تھل ایک ہو گیا۔سرگودھا کا رہائشی ڈرائیور محمد عارف اپنے ٹرک پر سیالکوٹ سے سرگودھا جا رہا تھا کہ سوہدرہ موڑ کے قریب بارش کے باعث ٹرک پھسل گیا اور بے قابو ہوکر درخت سے جا ٹکرایا جس کے نتیجہ میں محمد عارف موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

دریائے جہلم میں سیلاب کا خطرہ دریا کے قریب بسنے والے محفوظ مقام پر منتقل ہونے لگے ،ادھردریائے چناب میں پانی کی صورتحال ہیڈ مرالہ کے مقام پر اپ سٹریم 1لاکھ 96ہزار 755کیو سک،ڈاؤن سٹریم 1لاکھ 77ہزار 455کیوسک،ہیڈ خانکی کے مقام پر اپ سٹریم 1لاکھ 69ہزار 682کیوسک،ہیڈ قادر آباد کے مقام پر اپ سٹریم 1لاکھ 64ہزار 919کیوسک،ڈاؤن سٹریم 1لاکھ 46ہزار 919کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔ 

سیالکوٹ میں طوفانی بارشوں سے تمام نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا جبکہ دریائے چناب،توی و جموں توی میں پانی کی سطح مزید اونچی ہونے کی وجہ سے سیالکوٹ بائونڈری سے ملحقہ علاقہ بجوات کے 85 دیہات کا رابطہ سیالکوٹ سے منقطع ہو گیا

تازہ ترین