• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنتھیا کو 15روز میں پاکستان چھوڑنے کا حکم


وزارتِ داخلہ کی جانب سے سنتھیا رچی کو 15 روز کے اندر اندر پاکستان چھوڑنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

وزارتِ داخلہ نے امریکی شہری و بلاگر سنتھیا ڈی رچی کی ویزے میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی۔

جیونیوز کے مطابق امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے ویزے کی مدت 31 اگست کو ختم ہوچکی ہے اور انہوں نے ویزے کی توسیع کے لیے درخواست دے رکھی تھی جسے آج وزارتِ داخلہ نے مسترد کر دیا۔

وزارت داخلہ نے سنتھیا رچی کو 15 دن کے اندر اندر پاکستان چھوڑنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

واضح رہے کہ سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی، سابق وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک اور مخدوم شہاب الدین پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے گئے تھے۔

سنتھیا رچی پی پی رہنماؤں پر لگائے گئے اپنے ان الزامات کو پولیس اور عدالت کے سامنے ثابت کرنے میں ناکام رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیئے: سنتھیا رچی کی بیان بازی نہ کرنے کی یقین دہانی

سابق وزیرِ داخلہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رحمٰن ملک کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس سلسلے میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی، انہوں نے سنتھیا رچی پر ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کیا تھا۔

عدالتِ عالیہ کی جانب سے سیکریٹری داخلہ کو سنتھیا رچی کے ویزے میں توسیع کے معاملے پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

تازہ ترین