• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ایئر پورٹ پر بچھو کے کاٹنے سے ASF کا جوان جاں بحق

کراچی ایئر پورٹ کے رن وے کے قریب بچھو کے کاٹنے سے ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کا ایک جوان جاں بحق ہو گیا۔

اے ایس ایف کے ترجمان کرنل عثمان تنویر تفسیر کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ 12 ستمبر کو کراچی ایئر پورٹ کے رن وے کے قریب پیش آیا تھا، اے ایس ایف اہلکار ندیم رن وے کے ساتھ کیمپ پر سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھا۔

عثمان تنویر کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد کراچی ایئر پورٹ کے رن وے کے اطراف خود رو گھاس اگ رہی ہے جو تلف کی جا رہی ہے، ویرانے کی وجہ سے سانپ، بچھو اور دیگر حشرات الارض بھی پائے جاتے ہیں جنہیں سول ایوی ایشن کی جانب سے ختم بھی کیا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق اہلکار محمد ندیم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اس کے جسم میں زہر کا پھیلاؤ روکنے کے لیے طبی امداد دی گئی تھی۔

بعد ازاں حالت بگڑنے پر محمد ندیم کو علاج کے دوران درجن سے زائد ڈرپس بھی لگائی گئیں، جس سے اس کی حالت کچھ بہتر ہوئی تاہم رضائے الٰہی سے وہ 17 ستمبر کو انتقال کر گیا، لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے ندیم کو آبائی گاؤں میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔


ترجمان اے ایس ایف کے مطابق یہ ایک حادثاتی واقعہ ہے، ادارے کی جانب سے اہلکار کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی مگر خدا کو یہی منظور تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ادارے کے متعلقہ شعبے کے افسران متاثرہ فیملی کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ان کی ہرممکن داد رسی کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین