• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقابلے میں ہلاک دہشتگرد سعید لوہا کون تھا؟

کراچی میں ہاکس بے روڈ پر سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والے القاعدہ برصغیر کے دہشت گرد سعید عرف لوہا کے جرائم کی تفصیلات کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے جاری کر دیں۔

انچارج کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) مظہر مشوانی نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا کہ سعید عرف لوہا عرف تورا بورا انتہائی خطرناک دہشت گرد تھا۔

انہوں نے بتایا کہ سعید لوہا کے ساتھی دہشت گرد ڈرون بم حملوں کی تیاری کر رہے تھے، دہشت گرد کو افغانستان سے کراچی میں دہشت گردی کا ٹاسک دے کر بھیجا گیا تھا۔

انچارج سی ٹی ڈی نے کہا کہ ہلاک دہشت گرد کراچی میں رینجرز کی چیک پوسٹ اور پولیس تھانوں پر کریکر حملوں کے علاوہ پولیس اہلکاروں اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے 1 پستول، 2 عدد تیار شدہ بم اور 40 گولیاں برآمد ہوئی ہیں، سعید لوہا 2014ء میں القاعدہ برِصغیر میں شامل ہوا۔

انچارج سی ٹی ڈی نے بتایا کہ سعید عرف لوہا نے مبینہ ٹاؤن پولیس اسٹیشن پر بم سے حملہ کیا، ناظم آباد نمبر 7 کے پل کے نیچے رینجرز چیک پوسٹ پر بوتل بم حملے کیئے، ملزم کورنگی کراسنگ پر رینجرز چیک پوسٹ اور گجر نالہ رینجرز چیک پوسٹ پر بم حملے میں ملوث تھا۔


سعید عرف لوہا نے لیاقت آباد صرافہ بازار پل پر پولیس اہلکار زاہد حسین رضوی کو شہید کیا، جبکہ عوامی کالونی کورنگی میں 3 افراد کا قتل کیا۔

2016ء میں گڈاپ میں سی ٹی ڈی سے مقابلے میں دہشت گرد کے 2 اہم ساتھی مارے گئے تھے، جس کے بعد دہشت گرد اپنے ساتھی اسلام الدین، شکیل برمی اور دیگر کے ساتھ افغانستان فرار ہوگیا تھا۔

تازہ ترین