• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبز یا کالی چائے؟ صحت کیلئے زیادہ مفید کونسی ؟

چائے کا استعمال صدیوں سے کیا جا رہا ہے جو صحت کے لیے مفید قرار دی جاتی ہے، ایشیا سمیت دنیا بھر میں کئی طرح کی چائے کا استعمال کیا جاتا ہے ہے جن میں سے سبز اور کالی چائے (بغیر دودھ والی) کو دیگر مشروبات اور چائے پر تر جیح دی جاتی ہے۔

ایک سروے کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً ہر گزرتے سیکنڈ میں  25 ہزار لیٹر چائے کا استعمال کیا جا رہا ہے، چائے کے شوقین افراد دن کا آغاز بھی اسی مشروب سے کرنا پسند کرتے ہیں۔

چائے میں موجود کیفین انسانی دماغ کو چوکنا رہنے اور کارکردگی بڑھانے میں مدد فراہم کرتی ہے، اس کے استعمال سے انسان خود کو فوراً متحرک اور تازہ دم محسوس کرتا ہے۔

چائے کا استعمال مصروفیت اور تھکا دینے والی روٹین کے دوران مزید بڑھ جاتا ہے مگر بہت کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ کس قسم کی چائے کے استعمال سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

غذائی ماہرین کے مطابق چائے صرف آ پ کو تازہ دم ہی نہیں بناتی بلکہ اس کے استعمال سے انسان کے موڈ پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں جس کے لیے یہ جاننا نہایت لازمی ہے کہ سبز یا کالی چائے کے استعمال سے کیا فوائدحاصل ہوتے ہیں ۔

غذائی ماہرین کے مطابق چند سوالوں کے جوابات معلوم ہونا لازمی ہیں کہ آیا سبز چائے بہتر ہے کالی چائے؟ وزن میں کمی کے لیے کونسی چائے استعمال کرنی چاہیے ؟ اور ان دونوں میں سے اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کی حامل کونسی ہے ؟


ماہرین کے مطابق جیسے دونوں چائے کے پتوں کو توڑنے، سکھانے اور انہیں چائے کے قابل بنانے کے عمل میں فرق ہے بالکل اسی طرح ان کے صحت پر آنے والے اثرات میں بھی زمین آسمان کا فرق ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق سبز چائے میں اینٹی آکسیڈنٹ اجزا پائے جاتے ہیں جس کے استعمال سے دل کی امراض سے نجات ملتی ہے جبکہ کالی ( بغیر دودھ ) چائے دو کیمیکل’امینو ایسڈ‘ اور ’ایل تھینائین‘ پائے جانے کے سبب یہ انسان کو پر سکون بناتی ہے اور کاموں پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

سبز چائے ایک ڈیٹاکسیفائی ایجنٹ کے طور پر بھی کام کرتی ہے جس کے استعمال کے نتیجے میں جلد صاف، میٹا بالز کا عمل تیز، قوت مدافعت بڑھاتی ہے اور یہ قدرتی طور پر کم تیزابیت کی حامل ہوتی ہے جبکہ کالی چائے انسانی جسم میں موجود ذہنی دباؤ بڑھانے والے ہارمونز کی افزائش کو روکتی ہے، دل کی صحت کے لیے مفید ہے، کالی چائے میں قدرتی طور پر تیزابیت سبز چائے کے مقابلے میں زیادہ پائی جاتی ہے۔

کالی چائے کولیسٹرول لیول اور شوگر لیول کو بھی متوازن بناتی ہے، شریانوں میں چربی جمنے کے عمل کو روکتی ہے اور وزن میں کمی کا بھی سبب بنتی ہے۔

کالی اور سبز چائے میں کیفین کی مقدار

کیفین کے لحاظ سے سبز چائے میں کیفین کم اور کالی چائے میں کیفین زیادہ پائی جاتی ہے، کیفین ذہنی دباؤ کو کم کرتی ہے اور کارکردگی بڑھاتی ہےاور موڈ بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے ۔

بلیک ٹی یعنی کالی چائے میں کیفین کی مقدار زیادہ پائے جانے کے سبب یہ مطلوبہ کاموں پر توجہ مرکوز رکھنے میں زیادہ مدد فراہم کرتی ہے اور مصروفیت کے دوران دماغی طور پر متحرک رکھتی ہے۔

صحت کے لیے سبز چائے بہتر ہے یا کالی چائے ؟

دونوں چائے کا استعمال دودھ والی چائے کے مقابلے میں بہتر مانا جاتا ہے ، جن افراد کو دفتری اوقات میں دماغی طور پر متحرک رہنے کی ضرورت ہو اُن کے لیے کالی چائے کا استعمال ایک اچھا آپشن ہے۔

دوسری جانب جو وزن میں کمی، مضر صحت مادوں کے اخراج اور جِلد سے متعلق شکایات سے چھٹکارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اُن کے لیے گرین ٹی تجویز کی جاتی ہے۔

تازہ ترین