• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز گِل کی بختاور بھٹو کے منگنی کارڈ پر تنقید

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی منگنی کے دعوت نامے پر شدید تنقید کی گئی ہے۔

ڈاکٹر شہباز گِل نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر بختاور بھٹو کی منگنی کے دعوت نامے کی تصویر شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ مہمان شرکت سے قبل کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھیجنے کے پابند ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے ٹوئٹر پر بختاور بھٹو کی منگنی کے دعوت نامے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ بختاور کی منگنی پروگرام کے لیے کورونا ٹیسٹ رپورٹ بھیجنا لازم ہے ورنہ آپ کو بلاول ہاؤس آنے نہیں دیا جائے گا۔

شہباز گِل نے سوالیہ انداز میں کہا کہ خلقِ خدا کوجلسوں میں بلاتے ہو تو کیوں اُن کی جانوں کا خیال نہیں رکھتے، اپنی جانیں تو بہت عزیز ہیں تمہیں؟

اپنے بیان میں اُنہوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہے وہ فرعونیت، یہ ہے وہ ظالمانہ سوچ جو عوام کو کم تر سمجھتے ہیں۔

واضح رہے کہ بختاور بھٹو کی منگنی سے متعلق پیپلز پارٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ بختاور بھٹو کی منگنی 27 نومبر کو محمود چوہدری سے ہو گی، محمود چوہدری یونس چوہدری اور ثریا چوہدری کے پانچ بچوں میں سب سے چھوٹے بیٹے ہیں۔

دوسری جانب بختاور بھٹو کی منگنی کا کارڈ بھی منظر عام پر آگیا ہے، جس کے مطابق اُن کی منگنی کی تقریب دن 4 بجے اُن کے گھر بلاول ہاؤس پر منعقد کی جائے گی۔

اس کے علاوہ دعوت نامے پر مہمانوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔ 

تازہ ترین