دنیا بھر میں اس وقت عالمگیر وبا کورونا وائرس کے باعث سیاح اپنے ملک میں رہنے کو ہی ترجیح دے رہے ہیں تاہم اس وقت پاکستان کے مختلف شہروں میں اردنی وی لاگر قاسم گھومتے پھرتے نظر آ رہے ہیں۔
قاسم یہاں کے خوبصورت نظاروں، کھانے پینے کی اشیاء اور لوگوں کی مہمان نوازی سے خوب متاثر نظر آتے ہیں۔
عموماً پاکستان میں جتنے بھی سیاح آتے ہیں وہ سب سے پہلے یہاں کے عوام کے اخلاق اور مہمان نوازی سے بہت متاثر ہوتے ہیں۔
اس وقت قاسم سمیت کچھ اور غیر ملکی ٹریول وی لاگر بھی پاکستان میں موجود ہیں اور یہاں کے تہذیب، کلچر اور کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ طول و بلد کی سیر کرتے بھی نظر آتے ہیں۔
اس وقت سوشل میڈیا پر ایک اردنی وی لاگر کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ پاکستان کی سیر کر رہے ہیں اور پاکستان کے کلچر کے علاوہ یہاں کے کھانوں، رہن سہن، اسلامی ثقافت اور لوگوں کی مہمان نوازی کی بھرپور تعریف کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
اردنی وی لاگر کا اصل نام قاسم ہیتو ہے لیکن وہ ابن ہتوتہ کے نام سے وی لاگنگ کرتے ہیں۔
قاسم کا اپنے وی لاگز میں پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سب سے پہلے وہ کراچی آئے اور یہاں اسٹریٹ فوڈ کو انجوائے کیا۔
قاسم نے اپنے وی لاگز میں سب سے زیادہ کراچی کی گلی محلے میں بکنے والی اسپائسی بریانی کی تعریف کی ہے۔
کراچی کے وزٹ کے بعد قاسم لاہور آئے اور یہاں پر انہوں نے مغل شہنشاہوں کی تعمیرات دیکھنے کے علاوہ لاہور کی فوڈ اسٹریٹ کا بھی وزٹ کیا۔
واضح رہے کہ یہ پہلے وی لاگر نہیں جو پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والےمعروف وی لاگر خالد العامری، ٹریول وی لاگر ایوا زوبیک، معروف یوٹیوبر کارل راک، اُن کی اہلیہ اور بھارتی وی لاگر منیشا، لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والی ٹریول وی لاگر ایلین تامیر بھی پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے وی لاگز شیئر کرتے رہے ہیں۔