کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاو اسپتال اوجھا کیمپس میں ایک مریضہ کا دوران آپریشن کورونا رپورٹ مثبت آنے پر آپریشن روک دیا گیاجس پر مریضہ کے اہلخانہ نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی جس میں اعلیٰ حکام سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے ۔ ویڈیو بناتے ہوئے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ڈاو میڈیکل کیمپس کے چیسٹ ڈیزیز ڈیپارٹمنٹ میں زیر علاج 20سالہ مدیحہ کا آپریشن ادھورا روک دیا گیا ہے، 23نومبر کو اسپتال میں داخل کیا تھا اور 26نومبر آپریشن کی تاریخ دی تھی، 24نومبر کو کووڈ ٹیسٹ ہوا جبکہ کورونا کی کوئی علامات مریضہ میں نہیں تھیں، فیملی میں بھی کسی کو کووڈ نہیں تھا، مریضہ کو او ٹی میں لے جانے کے بعد اینیستھیزیا دیا گیا اور آپریشن شروع کردیا گیا تھا کٹ لگا دیا گیا تھا، دوران آپریشن کووڈ رپورٹ آئی جس کے بعدسرجن نے آپریشن ادھورا روک کر واپس ٹانکے لگا دئیے، وزیر اعلی ، گورنر اور وزیر صحت نوٹس لیں، لڑکی کی جان بچائی جائے، طبیعت تشویشناک ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا موقف ہےکہ تمام مریضوں کے روٹین کووڈ ٹیسٹ ہوتے ہیں، جب مریضہ کو آپریشن تھیٹر میں لے جایا گیا کووڈ رپورٹ نہیں آئی تھی، جیسے ہی آپریشن کے لئے جلد میں کٹ لگایا تب ہی دوران آپریشن کووڈ رپورٹ آئی، کووڈ مثبت آنے پر آپریشن ملتوی کردیا گیا، مدیحا کے پھیپڑوں کا آپریشن ہونا تھا چونکہ کووڈ کے اثرات پھیپھڑوں پر ہوتے ہیں اسلئے آپریشن کرنا خطرناک تھا، یہ آپریشن جان لیوا ہوسکتا تھا اس لئے اسکن میں لگائے گئے کٹ کو فوری بند کردیا گیا۔