• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کو ضیاء لنجار کیخلاف انکوائری جلد مکمل کرنے کا حکم

سندھ ہائی کورٹ نے درخواستِ ضمانت پر نیب سکھر کو سابق وزیرِ قانون ضیاء لنجار و دیگر کے خلاف انکوائری جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 3 فروری تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے دوران نیب کے تفتیشی افسر نے ضیاء الحسن لنجار کی انکوائری سے متعلق عدالتِ عالیہ کو آگاہ کیا۔

نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف انکوائری مکمل کر کے ہیڈکوارٹر ارسال کی تھی، تاہم ہیڈ کوارٹر نے انکوائری پر دوبارہ اعترضات لگا دیئے ہیں۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ضیاء الحسن لنجار کی ملکیت میں مزید زمین سامنے آئی ہے، ان کی 260 ایکڑ زمین سے متعلق انکوائری کر رہے ہیں، انکوائری مکمل کرنے کیلئے مہلت دی جائے۔

عدالتِ عالیہ نے استفسار کیا کہ آپ کو کتنا وقت مزید درکار ہے؟ پہلے ہی اتنا وقت گزر گیا ہے اور انکوائری مکمل نہیں ہو سکی ہے۔

تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ہمیں 4 ہفتوں کی مہلت دی جائے۔


سندھ ہائی کورٹ نے نیب سکھر کو انکوائری جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 3 فروری تک ملتوی کر دی جبکہ ضیاء الحسن لنجار اور دیگر ملزمان کی ضمانت میں بھی آئندہ سماعت تک توسیع کر دی۔

واضح رہے کہ ضیاء لنجار اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق انکوائری جاری ہے۔

تازہ ترین