• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اجازت نہ ملنے کے باوجود پی ڈی ایم کی ریلی

بہاول پور(نمائندہ جنگ) پی ڈی ایم کی ریلی شدید انتظامی رکاوٹوں اور اجازت نہ ملنے کے باوجود مجمع اکٹھاکرنے میں کامیاب، ریلی شرکاء کو بڑھانے کیلئے کئی گھنٹے تاخیر سے ریلی شروع کی گئی۔

ریلی کے شرکا میں جوش وخروش بھی دیکھا گیا جو اپنی جماعتوں کے جھنڈوں کے ساتھ ساتھ اپنے قائدین کے بھرپور نعرے لگارہے تھے جبکہ اس موقع پر کنٹینرز اورمختلف گاڑیوں میں پی ڈی ایم کے ترانے بھی چلائے جارہے تھے، جبکہ ریلی کے موقع پر شہر کے مختلف شاہراؤں اور چوکوں کو کنٹینرز لگا کر بلاک کردیا گیا۔

حکومتی جماعت نے ریلی ناکام قرار دیدی۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کی بہاول پور میں ریلی کے حوالے سے گزشتہ دوتین دنوں سے بہاول پور میں پی ڈی ایم کے رہنماؤں اورانتظامیہ کے درمیان شدید تناؤ اور گرماگرمی دیکھنے میں آئی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پہلے دن سے ہی ریلی /جلسہ کی اجازت دینے سے انکارکردیاگیاتھا جبکہ پی ڈی ایم رہنماؤں کاواضح موقف تھاکہ ہرصورت میں یہ ریلی نکالی جائیگی۔

مبینہ طورپر ریلی سے 2روز قبل ہی پی ڈی ایم کی جماعتوں کے متحرک رہنماؤں کارکنوں کی گرفتاریوں اور گھروں پرچھاپوں کاسلسلہ شروع کردیا گیا تھا اور کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں کی وجہ بناکر کچھ سیاسی ورکروں کیخلاف مقدمات بھی درج کئے گئے۔ 

تاہم ضلعی انتظامیہ وپولیس کی جانب سے اس کی تردید ہی کی جاتی رہی اورموقف اختیارکیاجاتارہاکہ پی ڈی ایم کی ریلی کے حوالے سے نہ ہی کوئی انتقامی کارروائی کی جارہی ہے اورنہ ہی کوئی رکاوٹ کھڑی کی جارہی ہے لیکن موجودہ سیکورٹی تھریٹس اورکوروناکی صورتحا ل کے پیش نظرایسی ریلیوں /جلسوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ 

اس سلسلے میں باقاعدہ ڈی پی اوآفس اور ڈپٹی کمشنر آفس سے علیحدہ علیحدہ مختلف مراسلہ جات بھی جاری کئے گئے جن میں پی ڈی ایم کی جماعتوں کے مقامی رہنماؤں کوالرٹ کیاگیا اوروارننگ دی گئی کہ ملک میں سیکورٹی خدشات ہیں اورایسے جلسوں، ریلیوں کے حوالے سے سیکورٹی تھریٹس بھی موجود ہیں جبکہ دوسری طرف کوروناکی وباء بھی شدت اختیارکرچکی ہے اس صورتحال میں تین جنوری کی ریلی نکالنے سے باز آیا جائے دوسری صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

ریلی کوکامیاب بنانے کیلئے تحصیل یزمان، تحصیل احمدپورشرقیہ، تحصیل حاصل پور وخیرپورٹامیوالی اور تحصیل بہاول پور سے مقامی سابقہ و موجودہ ایم این ایز، ایم پی ایز وسینیٹرزجن میں چوہدری سعود مجید، خالدمحمودججہ،ملک ظہیراقبال چنڑ، ریاض حسین پیرزادہ، کاظم پیرزادہ خاص طورپر شامل ہیں کی جانب سے بڑی تعدادمیں ورکروں اور کارکنوں کو بہاول پور لایاگیا۔ 

جس کی وجہ سے پی ڈی ایم کی ریلی ایک بڑی ریلی بن سکی جبکہ ریلی کے شرکاء میں جوش وخروش بھی دیکھا گیا جو اپنی جماعتوں کے جھنڈوں کے ساتھ ساتھ اپنے قائدین کے بھرپور نعرے لگارہے تھے جبکہ اس موقع پر کنٹینرز اور مختلف گاڑیوں میں پی ڈی ایم کے ترانے بھی چلائے جارہے تھے۔ 

ریلی کے موقع پر شہر کے مختلف شاہراؤں اور چوکوں کو کنٹینرز لگا کر بلاک کردیا گیا جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ 

سیاسی مبصرین موجودہ شدید سردی اور کورونا کی صورتحال کوسامنے رکھتے ہوئے پی ڈی ایم کی اس ریلی کو اچھی کاوش قرار دیتے ہیں جبکہ مقامی حکومتی ایم این ایز، ایم پی ایزو تحریک انصاف کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ بہاول پور کی ریلی ناکام ریلی ہے اور بہاول پورکی عوام نے پی ڈی ایم کے بیانیہ کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔

تازہ ترین