• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی ہائی کمشنر کی سماجی کارکن خواتین پر حملے کی شدید مذمت

پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے دو روز قبل ہونے والے شمالی وزیرستان میں سماجی کارکن خواتین کی گاڑی پر حملے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کہا کہ ’خواتین کو دوسری خواتین کی مدد کرنے کا خطرہ نہیں ہونا چاہیے۔‘

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ’شمالی وزیرستان میں چار سماجی کارکن خواتین کا قتل ایک انتہائی حیران کُن اور افسوسناک واقعہ ہے۔‘

کرسچن ٹرنر نے کہا کہ ’میں جاں بحق ہونے والی خواتین اور اس حملے کے تمام متاثرین کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’اس طرح کے واقعات میں برطانیہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔‘

واضح رہے کہ دو روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کے حملہ میں غیر سرکاری تنظیم کی 4 خواتین سماجی کارکن جاں بحق جبکہ ڈرائیور زخمی ہوگیا تھا۔

دہشت گردی کے واقعہ میں ایک خاتون خوش قسمتی سے بچ گئی تھی۔

مقامی پولیس کے مطابق فائرنگ ایپی گاؤں کے قریب این جی او کی گاڑی پر کی گئی تھی۔ 

تازہ ترین