• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوکت علی گائیکی کے لیجنڈ تھے: ثمینہ پیرزادہ

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ و میزبان ثمینہ پیرزادہ نے گزشتہ روز انتقال کرجانے والے معروف لوک گلوکار شوکت علی کو لیجنڈ قرار دیا ہے۔

ثمینہ پیرزادہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شوکت علی کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔

سینئر اداکارہ نے لکھا کہ ’ہم آپ کی آواز سے محروم ہوجائیں گے لیکن آپ کے سُریلے گانوں کی وجہ سے آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’آپ گائیکی کی دُنیا کے لیجنڈ اور ایک آئیکن ہیں۔‘

ثمینہ پیرزادہ کے ٹوئٹ پر صارفین کی بڑی تعداد گلوکار کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کررہی ہے۔

واضح رہے کہ معروف لوک گلوکار شوکت علی طویل علالت کے بعد گزشتہ روز لاہور میں انتقال کر گئے، وہ جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور سی ایم ایچ میں زیر علاج تھے۔

شوکت علی نے زندگی کے تقریباً 55 سال فن کی دنیا کو دیے، اس دوران انہوں نے پنجابی لوک گانوں کے علاوہ صوفیانہ کلام بھی گایا جبکہ اردو میں بھی نغمے ریکارڈ کروائے اور ان کے ملی نغمے بھی بہت مقبول ہوئے۔

1965 کی پاکستان انڈیا جنگ کے دنوں میں انہوں نے ایک گانا ریکارڈ کروایا تھا ’جاگ اٹھا ہے سارا وطن، ساتھیو، مجاہدو‘ بہت مقبول ہوا اور آج بھی اکثر سننے کو ملتا ہے۔

شوکت علی کو ان کی فنی خدمات کے صلے میں 1990 میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

تازہ ترین