• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل میڈیا پر جاری خط میں حقائق کیخلاف تاثر دیا گیا، نیب

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )سوشل میڈیا رپورٹس کے تناظر میں اورنیب کے اپنےمنصفانہ طریقہ کار کے مطابق معلومات کی فراہمی کے حوالے سے 27اپریل 2021کو ایک خط کے اجراء سے متعلق یہ واضح کیا گیا ہے کہ نیب آرڈیننس 1999 کی دفعات کے تحت اس معاملے پر غیر قانونی، جعلی ڈومیسائل کے اجراء ، غیر مکینوں، غیر مستحق افراد کو ڈومیسائل کے اجراء میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے الزامات کے تحت نیب کراچی میں کارروائی کی جارہی ہے۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نا اہل افراد کو ڈومیسائل جاری کرکے اور اس ڈومیسائل، کوٹہ پر ان کی تقرریوں کے معاملہ کی جانچ پڑتال ابتدائی مرحلے میں ہے جس میں اس کے مندرجات کی تصدیق کی جارہی ہے اور اس معاملے کی جانچ پڑتال کرنے کے لئے حکومت کے متعلقہ محکموں کے ساتھ خط و کتابت کا تسلسل جاری ہے۔ تاہم نیب (کراچی) کو اس خط کا سوشل میڈیا پر گردش کرنے پر افسوس ہے جس میں مذکورہ حقائق کے برخلاف تاثر دیا گیا ۔ اس معاملے پر 27اپریل2021 کے خط کے تسلسل میں واضح تفصیلات اور ضروریات والا ایک اور خط مقررہ وقت کے مطابق جاری کیا جائے گا۔ اس بات کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ یہ بیوروبلا امتیازشفافیت پر یقین رکھتا ہے اور سرکاری محکموں کے انتظامی امور میں مداخلت نہیں کرتا ۔ دیگر تمام معاملات کی طرح اس معاملہ کو بھی ایس او پیز اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔

تازہ ترین