• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: رات گئے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری عذاب کا شکار


کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

گرم موسم میں بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہری عذاب کا شکار ہو گئے جنہوں نے رات جاگ کے گزاری۔

کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی کے الیکٹرک نے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

رات گئے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا اور انہوں نے رات جاگ کر یا فٹ پاتھ پر سو کر گزاری۔

بجلی کی عدم فراہمی والے علاقوں میں نیو کراچی، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، یوپی سوسائٹی، گلبرگ، لیاقت آباد سی ون ایریا، کھارادر، اسکیم 33، کراچی ریس کلب، کراچی ریونیو جوڈیشل سوسائٹی، ملت ٹاؤن کے علاقے عظیم پورہ، گل فشاں سوسائٹی، ماڈل کالونی شیٹ سیون، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، کورنگی اور ملیر کے مختلف حصے شامل ہیں۔

ماڈل کالونی شیٹ سیون اور لیاقت آباد سی ون ایریا میں رات 12 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل تھی جو رات گئے بحال ہوئی۔

ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا تھا کہ شہر میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے جبکہ کورنگی نمبر 5 میں کے الیکٹرک کا عملہ فالٹ کی درستگی کیلئے کام کر رہا ہے۔

ذرائع کے الیکٹرک کے مطابق ہر 2 گھنٹے بعد مختلف علاقوں میں بجلی بند کر دی جاتی ہے، فیڈرز پر لوڈ ہونے کے باعث سسٹم میں خرابی پیدا ہو جاتی ہے۔

تازہ ترین