برطانوی شاہی خاندان کے رکن شہزادہ ہیری اور اور انکی اہلیہ میگھن مرکل کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
لندن سے موصولہ اطلاع کے مطابق ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس نے بیٹی کا نام لیلیبیٹ ڈیانا ماؤنٹبیٹن ونڈسر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل کی بیٹی کی پیدائش جمعہ کے روز کیلیفورنیا میں ہوئی۔
میگھن مرکل کے پریس سیکرٹری کے مطابق میگھن مرکل اور نوزائیدہ بیٹی دونوں صحتمند ہیں، پریس سیکریٹری نے مزید کہا کہ پیدائش کے وقت ’للی‘ کا وزن 7 پاؤنڈ 11 اونس تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری نے اپنی نومولود بیٹی کا نام ملکہ برطانیہ الزیبتھ ثانی اور اپنی آنجہانی والدہ شہزادی ڈیانا کے نام پر رکھا ہے۔
لیلیبیٹ ڈیانا ماؤنٹبیٹن۔ونڈسر کی پیدائش جمعہ کو سانتا باربرا کاٹیج اسپتال کیلی فورنیا میں ہوئی، اس موقع پر پرنس ہیری اسپتال میں موجود تھے۔
اس حوالے سے شاہی جوڑے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ چار جون کو ہمارے ہاں بیٹی لیلیبیٹ ڈیانا ماؤنٹبیٹن۔ونڈسر کی ولادت ہوئی ہے، اور یہ ہمارے تصور سے بھی زیادہ ہے، ہم اس سلسلے میں دنیا بھر سے کی گئیں دعائوں اور محبتوں کے مشکور ہیں۔ ہم اپنے خاندان کے لیے اس خصوصی موقع پر مہربانیوں محبتوں کے بھی شکر گزار ہیں۔ یاد رہے کہ شاہی جوڑے کے ہاں اس سے قبل 2019 میں بیٹے آرچی کی پیدائش ہوئی تھی۔