کراچی (نیوز ڈیسک/ اسٹاف رپورٹر) سندھ میں ایک بار پھر کورونا کے کیسز میں اضافے کے باعث ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ، اسکولز، تفریحی پارکس اور سینما بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہفتے سے پہلی تا آٹھویں تک کلاسز معطل ہوجائیں گی تاہم عملہ حاضر رہے گا جبکہ نویں سے اوپر کی جماعتوں کے صرف امتحانات کی اجازت ہوگی، سی ویو ، ہاکس بے ، کینجھر جھیل پر جانا ممنوع ہوگا ، ریستوران، ہوٹلز کے اندر کھانا آج (جمعرات ) سے منع ہے،محکمہ داخلہ سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کا اطلاق 31جولائی تک رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس کی صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء ناصر شاہ ، اکرام اللہ دھاریجو ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب ، پارلیمانی سیکرٹری صحت قاسم سراج سومرو ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، آئی جی پولیس مشتاق مہر ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹر ساجد جمال ابڑو ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم قاضی شاہد پرویز ، کمشنر کراچی نوید شیخ ، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی ، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو ، سیکرٹری صحت کاظم جتوئی ، وی سی ڈاؤ یونیورسٹی پروفیسر سعید قریشی ، ڈاکٹر قیصر ، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر سارہ ، کور 5اور رینجرز کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور وباء کی روک تھام کے لیے نئی پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں انڈور ڈائننگ کو آج رات (15جولائی) سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ساتھ ہی 17جولائی سے سندھ بھر کے اسکولوں میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کلاسز کو ہفتے سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ نویں دسویں جماعت اور اس سے اوپر کی کلاسز میں بھی صرف امتحانات کی اجازت ہو گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 16جولائی جمعہ سے تفریحی مقامات اور جم بھی بند کر دیئے جائیں گے۔سینما آج (15جولائی ) سے بند ہوں گے۔ اسٹاف رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی۔