بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کی کنٹسٹنٹ راکھی ساونت نے شو میں زخمی ہونے والی اپنی ناک کی سرجری کروالی۔
راکھی ساونت نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر موجود اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس کے آغاز میں بگ باس 14 کے اُن مناظر کو دِکھایا گیا جن میں راکھی ساونت کی ناک زخمی ہوئی تھی۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں راکھی ساونت نے کہا کہ بگ باس 14 میں میری ناک پر چوٹ لگی تھی جس کے بعد سے اکثر میری ناک میں درد رہتا ہے اور اس ضمن میں ڈاکٹر جیتش شیٹھی میری ناک کی سرجری کریں گے۔
ویڈیو میں دِکھایا گیا کہ راکھی ساونت اپنی ناک کی سرجری کے بعد دوبارہ ڈاکٹر جیتش شیٹھی کے پاس جاتی ہیں اور اُن کا شکریہ ادا کرتی ہیں اور اُنہیں اپنی ناک کے حوالے سے بتاتی ہیں۔
انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے راکھی ساونت نے کیپشن میں لکھا کہ ’بگ باس کے سیزن 14 میں میری ناک زخمی ہوگئی تھی اور اُس وقت مجھے بہت تکلیف ہوئی تھی لیکن صرف ایک یا دو لوگوں کے علاوہ کسی نے بھی میرا ساتھ نہیں دیا۔‘
راکھی ساونت نے لکھا کہ ’بگ باس ختم ہونے کے بعد ڈاکٹر جیتش شیٹھی نے میری ناک کی سرجری کی اور میں اُن کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کیونکہ اب میری ناک بالکل ٹھیک ہے۔‘
واضح رہے کہ راکھی ساونت گزشتہ سال بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 میں بطور کنٹسٹنٹ شامل ہوئی تھیں۔