• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافی تنظیموں نے میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا مجوزہ بل میڈیا کا چائنہ ماڈل قرار دے دیا


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی بل کی تجاویز منظر عام پر لے آئے۔ خبر غلط ہونے پر صحافی کو 10 کروڑ جبکہ ادارے کو 25 کروڑ روپے جرمانہ کیا جا سکے گا۔ صحافی تنظیموں نے مجوزہ بل کو میڈیا کا چائنہ ماڈل قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین میاں جاوید لطیف نے بل پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے لیے سب کمیٹی تشکیل دے دی۔

پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل ناصر زیدی نے تنظیمی مشاورت کے بعد کمیٹی کا حصہ بننے یا نہ بننے کے لیے وقت مانگ لیا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس میاں جاوید لطیف کی سربراہی میں پیمرا ہیڈ کوارٹرز میں ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا کوئی بل تیار نہیں کیا گیا، ابھی صرف تجاویز لے رہے ہیں۔

شرکاء کے اصرار پر وزیر اطلاعات نے ایک صحفے پر مشتمل تجاویز بھی کمیٹی میں پیش کردیں۔

تجاویز کے مطابق 7 ریگولیٹری باڈیز کے بجائے ایک ریگولیٹری باڈی بنائی جائے گی جو پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل میڈیا اور فلم کو ریگولیٹ کرے گی۔

خبر غلط ہونے پر صحافی کو 10 کروڑ جبکہ ادارے کو 25 کروڑ روپے جرمانہ کیا جا سکے گا۔ صحافی تنظیموں نے مجوزہ بل کو میڈیا کا چائنہ ماڈل قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ کمیٹی کے سربراہ جاوید لطیف نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے لیے میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی بل پر سب کمیٹی قائم کر دی۔

ایک موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ابصار عالم اور اسد علی طور کو صحافی ماننے سے انکار کر دیا۔ وزیر اطلاعات نے پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل ناصر زیدی کو کہا آپ کون ہیں اپنا تعارف کروائیں۔ ناصر زیدی نے کہا فواد چوہدری صاحب آپ کے والد میرے دوست ہیں، ان سے پوچھیے گا میں کون ہوں۔

کمیٹی کی رکن مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات کے اس دعوے کو قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کے طور پر پارلیمنٹ کو بھجوانے کا مطالبہ کر دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں میڈیا مکمل آزاد اور صحافیوں کے لیے بہترین ملک ہے۔

تازہ ترین