زویا اختر نے فرحان اختر کو سالگرہ کی مبارکباد کیسے دی؟

January 10, 2022

فوٹو فائل

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار و ہدایتکار فرحان کی سالگرہ کے موقع پر بہن زویا اختر نے بھائی کیساتھ ایک مونوکروم فوٹو شیئر کردی ہے۔

فرحان اختر جنہوں نے گزشتہ روز اپنی 48ویں سالگرہ منائی ہے، اس موقع پر اُنہیں بالی ووڈ کے نامور اداکاروں، ہدایت کاروں، پروڈیوسرز، مصنفوں اور اپنے مداحوں کی جانب سے سالگرہ کی مبارکبادیں موصول ہورہی ہیں۔

اسی حوالے سے فرحان اختر کی بہن اور معروف بھارتی ہدایتکارہ زویا اختر نے اپنے بھائی کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کے لیےاپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے اس پوسٹ کے کیپشن میں فرحان اختر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ’بات سنو، یہ تمھاری زندگی کا بہترین سال ہونے والا ہے‘۔

زویا اختر کی جانب سے شیئر کی گئی مونوکروم فوٹو کو دیکھ کر ایسالگ رہا ہے کہ یہ تصویر ان کے کسی پروجیکٹ کے سیٹ پر لی گئی ہے۔

یاد رہے کہ فرحان اور زویا نے کئی کامیاب پروجیکٹس پر ایک ساتھ کام کیا ہے۔ بہن بھائی کی یہ معروف بالی ووڈجوڑی ایک بار پھر، آنے والی فلم’جی لے زرا‘ کے لیے ایک ساتھ کام کرنے کے لیے تیارہیں۔

اس فلم کی کاسٹ میں کئی بڑے نام جیسے کہ اداکارہ کترینہ کیف، پریانکا چوپڑا اور علی بھٹ شامل ہیں۔

اس اسٹار کاسٹ فلم کی ہدایت کاری فرحان اختر کریں گے جبکہ فلم کی کہانی زویا اختر اور ریما کگتی مل کر لکھ رہی ہیں۔